پولیس سربراہ نے جنوبی کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

سری نگر،22اپریل

جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوئن نے پیر کے روز جنوبی ضلع اننت ناگ میں منعقدہ ایک مشترکہ سیکورٹی میٹنگ کے دوران لوک سبھا انتخابات کے لئے کئے جارہے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔

معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کو پر امن اور شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر پولیس سربراہ نے سیکورٹی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ زمینی سطح پر سیکورٹی گرڈ کو مضبوط و مستحکم کریں۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے سی آر پی ایف ، فوج ، آئی ٹی بی پی، بی ایس ایف ، ایس ایس بی اور سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر آفیسران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔
میٹنگ کے دوران انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے کئے جارہے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں پولیس سربراہ کو آگاہی فراہم کی گئی۔
ڈی جی پی نے پر امن انتخابات کو یقینی بنانے کی خاطر مختلف سیکورٹی منصوبوں کے بارے میں آفیسران سے معلومات حاصل کیں۔
پولیس سربراہ نے میٹنگ کے دوران انتخابات کے دوران کسی بھی چیلنج یا خدشات کو قبل از وقت دور کرنے کی ہدایت دی۔
اس اہم میٹنگ کے دوران مختلف علاقوں میں تعینات سیکورٹی فورسز جوانوں کے قیام کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات ، ان کی نقل وحرکت اور موسم کی ضرورت کے مطابق دیگر مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ڈی جی پی نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شرکا پر زور دیا کہ وہ امیدواروں اور پولنگ بوتھوں کی سیکورٹی کے لئے ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہاکہ پولنگ بوتھوں کی سیکورٹی کے انتظامات اور حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے موثر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔
اس اجلاس کے دوران جمہوری اقدار اور اصولوں کو برقرار رکھنے اور انتخابی عمل کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کے احکامات صادر کئے گئے۔

Comments are closed.