پولیس اسٹیشن پٹن میں پہلی ای ایف آئی آر درج
سری نگر، 2 مارچ
ڈیجیٹل پولیسنگ کی جانب ایک اہم قدم میں شمالی کشمیر کے پولیس اسٹیشن پٹن میں واٹس ایپ کے ذریعے درج کی گئی شکایت کے بعد پہلی الیکٹرانک فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ای ایف آئی آر) درج کی گئی ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن پٹن میں 28 فروری 2025 کو واٹس ایپ کے ذریعے درج کی گئی شکایت کے بعد پہلی الیکٹرانک فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ای ایف آئی آر) درج کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ شکایت سری نگر کے بمنہ علاقے کے ایک رہائشی (نام چھپایا گیا) نے درج کروائی تھی جو محکمہ باغبانی میں ایک سرکاری ملازم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ شکایت شکیل الرحمان کے خلاف درج کرائی گئی ہے جو اسی محکمے میں سرکاری ملازم ہے۔
بیان میں کہا گیا: ‘ شکایت کنندہ نے اس پر جنسی ہراسانی، عصمت دری کی کوشش اور مجرمانہ دھمکیاں دینے کا الزام لگایا ہے’۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ شکایت کی تحقیقات کرنے کے بعد پولیس نے معاملے کا نوٹس لیا اور پولیس اسٹیشن پٹن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر 30/2025 درج کی۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تفتیش جاری ہے۔
Comments are closed.