پلوامہ حملہ: "یہ صرف جوانوں پر نہیں، ہندوستان کی روح پر حملہ ہے”: راہل گاندھی

غم کی اس گھڑی میں ہم اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کر جموں و کشمیر واقع پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ ایک انتہائی خوفناک سانحہ ہے۔ ہمارے جوانوں کے خلاف اس طرح کا تشدد آمیز حملہ ناقابل برداشت ہے۔ ہم سب سیکورٹی فورسز کے ساتھ اور مرکزی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کوئی طاقت ہمیں توڑ نہیں سکتی۔”

اس موقع پر راہل گاندھی نے اس دہشت گردانہ حملہ کو صرف ایک شخص یا سیکورٹی فورس پر حملہ نہیں بلکہ ملک اور اس کی روح پر حملہ قرار دیا۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ دہشت گردی ملک کو بانٹنے اور توڑنے کی کوشش کرتی ہے لیکن کوئی طاقت اس میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔ نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ ”جو کچھ ہوا ہے اس سے ہمارے دل کو چوٹ پہنچی ہے۔ ہم اس غم کے وقت شہیدوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔”

ہمیں اپنے فوجیوں کی بہادری پر مکمل بھروسہ: نریندر مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے پلوامہ دہشت گردانہ حملہ میں شہید جوانوں کو پرخلوص خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی خدمت میں ان کی قربانی کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ انھوں نے سی آر پی ایف کے شہید جوانوں کے گھر والوں کی تکلیف میں خود کے اور پورے ملک کے شامل ہونے کی بات کہی۔ پی ایم نریندر مودی نے ساتھ ہی کہا کہ ”اس وقت ملک کے لوگوں کی جو امیدیں ہیں اور کچھ کر گزرنے کا جو جذبہ ان کے اندر ہے وہ فطری ہے۔ لوگوں کا خون کھول رہا ہے، یہ میں سمجھ رہا ہوں۔” انھوں نے مزید کہا کہ ”ہمارے سیکورٹی فورسز کو مکمل آزادی دے دی گئی ہے۔ ہمیں اپنے فوجیوں کی بہادری پر پورا بھروسہ ہے۔”

چھین لیا گیا پاکستان سے ‘موسٹ فیورڈ نیشن’ کا درجہ

کابینہ سیکورٹی کمیٹی کی میٹنگ ختم ہو گئی ہے اور اس میں مرکزی حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان سے ‘موسٹ فیورڈ نیشن’ یعنی پسندیدہ ملک کا درجہ واپس لے لیا ہے۔ پی ایم نریندر مودی کی قیادت میں ہوئی اس میٹنگ سے باہر نکلنے کے بعد وزیر مالیات ارون جیٹلی اور وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے میڈیا سے بات چیت کی۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ پلوامہ حملے کا تجزیہ کیا گیا اور اس پر بات ہوئی۔ میٹنگ میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ جن جوانوں نے شہادت دی ہے ان پر ملک کو فخر ہے اور وزارت خارجہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔

میٹنگ میں ہوئے سبھی فیصلوں کے تعلق سے ارون جیٹلی نے بتانے سے انکار کیا اور کہا کہ باہر سبھی باتیں نہیں لائی جا سکتیں۔ لیکن انھوں نے اتنا ضرور بتایا کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر گھیرنے کی مکمل تیاری ہو رہی ہے۔ حکومت ہند کی جانب سے ہفتہ کے روز کل جماعتی میٹنگ بلائی جائے گی اور پلوامہ حملہ پر بات چیت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی میٹنگ کی قیادت وزارت داخلہ راج ناتھ سنگھ کریں گے۔

شہیدوں کا جسد خاکی لانے کے لیے سی-17 طیارہ سری نگر روانہ

پلوانہ دہشت گردانہ حملے میں شہید جوانوں کا جسد خاکی لانے کے لیے سی-17 طیارہ سری نگر کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ اس حملہ سے پورا ملک غمزدہ ہے اور اس وقت کابینہ سیکورٹی کمیٹی کی میٹنگ پی ایم نریندر مودی کی صدارت میں جاری ہے۔ حملہ کے بعد کئی مشہور و معروف ہستیوں نے شہیدوں کے گھر والوں کو صبر کی تلقین کی اور مودی حکومت سے ضروری کارروائی کے لیے کہا ہے۔

وارانسی میں لوگ سڑکوں پر اترے، پاکستان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

جموں و کشمیر کے پلواما میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی چہار جانب مذمت ہو رہی ہے اور ہندوستان کے لوگ سڑکوں پر اتر کر نہ صرف شہیدوں کے اہل خانہ کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کو منھ توڑ جواب دینے کے لیے مرکزی حکومت پر دباؤ بھی بنا رہے ہیں۔ وارانسی کی سڑکوں پر بھی لوگ بڑی تعداد میں نظر آ رہے ہیں اور مودی حکومت سے پوچھ رہے ہیں کہ آخر کب تک جوان اپنی قربانی دیتے رہیں گے۔ پی ایم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں مقامی لوگ پاکستان اور دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کے خلاف بینر و پوسٹر لے کر سڑکوں پر نظر آ رہے ہیں۔

Comments are closed.