پریس ملازمین کیخلاف پولیس چھاپے :پرنٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کا بدھ کو احتجاجا اخبارات کی پرنٹنگ بند کرنے کا فیصلہ
سرینگر//9مارچ/ کے پی ایس /
پرنٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے اپنے ایک بیان میں گذشتہ روز کے ٹی پریس ملازم کے خلا ف ایک قرضہ نادہندہ اخبار مالک کی غلط اطلاع پر پولیس چھاپے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔اپنے بیان میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نے کہاکہ کے ٹی پریس کے ملازم طارق اقبال کے گھر پر شبانہ چھاپہ انتہائی تشویش ناک ہے کیونکہ یہ محض ایک لین دین کے معاملے پر ڈالا گیا چھاپہ ہے ۔دراصل ایک قرضہ نادہندہ اخبار مالک غازی نصر اللہ کے ذمہ کے ٹی پریس کے تقریبا6لاکھ روپے واجب الادا ہیں اور تقاضا کرنے پر اس نے پولیس کا سہارا لیا ہے اور غلط اطلاع دے کر ہراسانی کی کوشش کررہا ہے ۔یہ مذموم عمل ہے اور کشمیر کا پرنٹنگ پریس طبقہ انتہائی اضطراب میں ہے ۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیر کے پرنٹنگ پریس اور اخبارات کے مالکان و مدیران کے درمیان کروڑوں روپے کا لین دین ہے لیکن آج تک کسی نے ایسی اوچھی حرکت نہیں کی ہے اور پولیس کو غلط اطلاع دے کر پریس ملازم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرائی گئی ۔۔پرنٹرس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نے کہاکہ اس واقعے اور اس سے قبل ایسے ہی کئی واقعات کے تناظر میں اب ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کو دو دن کا وقت دیا ہے کہ وہ دو روز کے اندر اس معاملے کی تحقیقات کرائے نیز غازی نصر اللہ کے خلاف کارروائی کرائے جو جھوٹ اور گمراہ کن اطلاعات دے کر پریس ملازمین کے خلاف ہراسانی کی کوشش کراتا ہے ۔
ایسوسی ایشن نے فیصلہ لیا ہے کہ اگر دو روز کے اندر کوئی کارروائی نہیں ہوئی تو بدھ کو ایسوسی یشن سے وابستہ پرنٹنگ پریس پر اخبارات کی پرنٹنگ احتجاجا بند رہے گی جس سے تقریبا سو سے زائد اخبارات کی اشاعت متاثر ہوجائے گی ۔ اسکے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
Comments are closed.