پاکستان میں مقیم کشتواڑ کے 23 ملی ٹنٹ اشتہاری مجرم قرار :ایس ایس پی کشتوار
جموں،یکم جنوری
جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ ڈوڈہ کی ایک خصوصی عدالت نے پاکستان یا پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں مقیم ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے 23 دہشت گردوں کو اشتہاری مجرم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس خصوصی عدالت نے پہلے ہی 13 دہشت گردوں کو اشتہاری مجرم قرار دیا تھا جس سے اشتہاری مجرموں کی تعداد 36 بن گئی ہے۔ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پسوال نے میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم پیش رفت کشتواڑ پولیس کی مستعد کاوشوں کا نتیجہ ہے جس نے اہم انٹلی جنس تیار کرکے اس عمل کا آغاز کیا اور پولیس اسٹیشن چترو میں یو اے پی اے کے متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر 90 /2022 درج کرائی۔
انہوں نے کہا کہ سی آئی او کشتواڑ کی سربراہی میں ہونے والی تحقیقات نے یو اے پی اے کی خصوصی عدالت ڈوڈہ کے سامنے تمام رسمی کارروائیوں کو احتیاط سے پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے ان اشتہاری مجرموں کو خود سپردگی کرنے کے لئے ایک مہینے کا وقت دیا ہے۔موصوف ایس ایس پی نے کہا کہ خود سپردگی نہ کرنے کی صورت میں ان مجرموں کی جائیدادوں کو آئی پی سی کے سیکشن 82 کے تحت منسلک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے 12 مجرموں کی جائیدادوں کی پولیس نے پہلے ہی نشاندہی کی ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘ سال گذشتہ کے ماہ ستمبر میں اشتہاری مجرم قرار دیے گئے 13 دہشت گردوں میں سے 7 دہشت گردوں کی جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کو ضبط کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے’۔مسٹر پوسوال نے کہا کہ پولیس ضلع میں امن و قانون کی صورتحال کو قائم رکھنے اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس مجرموں کو قانون میں کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لئے دیگر قانون نافذ کرنے والے ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔یواین آئی
Comments are closed.