پانچ سالوں میں غربت کے خلاف جنگ میں جیت حاصل کریں گے: مودی

نئی دہلی، 03 جولائی (یو این آئی)

وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کے تیسرے دور میں ہندوستانی معیشت دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے میں کامیاب رہے گی اور اس مدت کے دوران ہندوستان غربت کے خلاف جنگ میں بھی کامیابی حاصل کرے گا۔

راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر تقریباً 20 گھنٹے کی بحث کا جواب دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ "ہماری پارلیمانی روایت میں کئی سالوں کے بعد ملک کے لوگوں نے ایک حکومت کو تیسری مرتبہ خدمت کا موقع دیا ہے۔ 60 سال بعد پھر سے ایک ہی حکومت کی واپسی ہوئی ہے۔ ہندوستانی جمہوریت میں چھ دہائیوں میں یہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کچھ لوگ اس جیت کو قبول نہیں کر پا رہے ہیں لیکن پچھلے دو دنوں سے دیکھ رہا ہوں کہ ہار بھی مانی جا رہی ہے اور جیت بھی قبول ہو رہی ہے۔

مسٹر مودی نے کہاکہ “گزشتہ 10 سالوں میں عالمی کشیدگی کے باوجود ملک کی معیشت 10ویں سے پانچویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔ اس بار ملک کے عوام نے معیشت کو پانچویں نمبر سے تیسرے نمبر پر لے جانے کا مینڈیٹ دیا ہے۔ ملک کے عوام کی طرف سے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق ہندوستان دنیا کے ٹاپ تھری میں شامل ہو جائے گا۔ ایوان میں بعض ماہرین کا خیال ہے کہ یہ خود بخود ہو جائے گا۔ وہ آٹو موڈ میں حکومت چلاتے ہیں۔ وہ کچھ کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔ لیکن ہم اپنی محنت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ ہم نے پچھلے 10 سالوں میں جو کچھ کیا ہے اس کی رفتار میں اضافہ کریں گے اور اس کی گہرائی کے ساتھ ساتھ اونچائی بھی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران میں نے اہل وطن سے کہا تھا کہ 10 سال کا کام ابھی شروع ہوا ہے۔ اہم کام اب ہوگا۔ حکومت ان بنیادی سہولیات کو ترقی کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے جو باوقار زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہیں۔ آنے والے پانچ سال غریبوں کی غربت کے خلاف جنگ کے لیے اہم ہیں۔ اس لیے آنے والے پانچ سال غربت کے خلاف جنگ کے سال ہیں۔ یہ ملک غربت کے خلاف جنگ میں فتح یاب ہوگا

Comments are closed.