پارلیمنٹ میں نوجوانوں اور طلباءکو عام معافی دینے کیلئے برسراقتدار حکومت کی توجہ مبذول کرائیں گے / وحید الرحمان پرہ

سرینگر /یکم مئی /

اقتدار میں آنے کی صورت یو اے پی اے جیسے سخت قوانین کے تحت نظر بند کشمیری نوجوانوں کی رہائی کو یقینی بنایا جائے گا کا اعلان کرتے ہوئے پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر اور سرینگر پارلیمانی نشست کے امید وار وحید الرحمان پرہ نے کہا کہ عوام کی حقیقی امنگوں کو پورا کرنے اور نوجوانوں اور طلباءکو عام معافی دینے کیلئے برسراقتدار حکومت کی توجہ مبذول کرائیں گے تاکہ وہ ایک عام اور باوقار زندگی گزار سکیں۔

تفصیلات کے مطابق انتخابی جلسوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر وحید الرحمان پر ہ نے سرینگر او ر بڈگام میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) جیسے سخت قوانین کے تحت نظر بند کشمیری نوجوانوں کی رہائی کو یقینی بنانے کا پختہ عزم کیا۔

قید میں دو سال گزارنے کے اپنے ذاتی تجربے سے اخذ کرتے ہوئے پرہ نے قید نوجوانوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا، ان کی حالت زار اور قومی پلیٹ فارم پر ان کی آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی حقیقی امنگوں کو پورا کرنے اور نوجوانوں اور طلباءکو عام معافی دینے کے لیے برسراقتدار حکومت کی توجہ مبذول کرائیں گے تاکہ وہ ایک عام اور باوقار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ ملک بھر کی مختلف جیلوں میں بند سیاسی قیدیوں کیلئے جدوجہد کریں گے اور انھیں ان کے وطن واپس لانے کیلئے کوششیں کریں گے تاکہ ان کے اہل خانہ ان سے مستقل ملاقات کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ خاندان خوفناک تکلیف سے گزر رہے ہیں کیونکہ انہیں سفر کرنے اور اپنے رشتہ داروں سے ملنے میں ہزاروں کا خرچ آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان مسائل کو اجاگر کریں گے اور آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹ دینے کی صورت میں انہیں کشمیر لانے کیلئے اہم کوششیں کریں گے۔وحید نے پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی طرف سے شروع کی گئی کوششوں پر روشنی ڈالی جب انہوں نے بطور وزیر اعلیٰ پہلی بار وادی میں 45ہزار نوجوانوں کیلئے پتھراو¿ کرنے والے مجرموں کیلئے معافی کا اعلان کیا۔

Comments are closed.