ٹی آرایس کو ووٹ دینا بی جے پی کے ووٹ دینے کے مترادف: محمد اظہرالدین

حیدرآباد: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورتلنگانہ کانگریس کے کارگزار صدرمحمد اظہرالدین نے کہا ہے کہ تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کو ووٹ دینا بی جے پی کے ووٹ دینے کے مترادف ہے، کیونکہ ٹی آرایس نے جی ایس ٹی، صدارتی، نائب صدر کے انتخابات میں بی جے پی کا ساتھ دیا تھا۔

اظہرالدین نے تلنگانہ میں عظیم اتحاد کی حلیف جماعت تیلگودیشم کے امیدوارناما ناگیشورراو کے ساتھ آج کھمم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ٹی آرایس نے اقلیتوں کونظراندا ز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آرایس حکومت نے 12 فیصد ریزرویشن مسلمانوں کو دینے کا وعدہ کیا تھا جو پورا نہیں ہوسکا۔  

 

کانگریس کے سینئرلیڈرنے کہا کہ یہ ٹی آرایس کا جھوٹا وعدہ ثابت ہوا اورجب وزیراعلی سے اس تعلق سے پوچھا گیا تو ان سے سوال پوچھنے والے کو نامناسب جواب دیتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ وہ اس سوال کرنے والے کے باپ کو بتائیں گے۔ وزیراعلی کےعہدہ پررہنے والے شخص کواس طرح کی بات نہیں کرنی چاہئے۔ کیونکہ عوام نے ان کویہ عہدہ دیا ہے اوروہ عوام کو جوابدہ ہیں۔کانگریسی لیڈر نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت کی لاپرواہی کے سبب 26 اقلیتی کالجز بند ہوچکے ہیں کیونکہ حکومت ان کوفنڈس نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی فنڈس واپس کردیا گیا اوراس کا مناسب استعمال نہیں کیاگیا۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اردو اکیڈیمی کیلئے بھی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ وقف بورڈ کے دفترکوکچھ عرصہ پہلے مقفل کردیا گیا تھا۔ اظہرالدین نے اپیل کی کہ تلنگانہ کی اقلیتیں ریاست کی ترقی کیلئے متحد ہوکرعظیم اتحاد کے حق میں ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقلیتوں اورہرطبقہ کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے وعدہ کے مطابق عوام کو ڈبل بیڈ روم کے مکانات نہیں دیئے۔ حکومت کو پانچ سال کیلئے رائےعامہ دیا گیا تھا، لیکن 9 ماہ پہلے ہی انتخابات کر وائے جارہے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت وعدوں کو پورا نہیں کرپائی۔

اظہرالدین نے کہا کہ پروجیکٹس کوری ڈیزائن کرتے ہوئے ان کے تخمینی مصارف میں اضافہ کردیا گیا۔ یہ پروجیکٹس کانگریس کے ہی ہیں۔ شادی مبار ک اسکیم کی کئی فائلس زیرالتوا ہیں۔ تین ایکڑاراضی غریبوں کو دینے کا بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ ٹی آرایس نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ میں ترقی نہیں ہوئی۔ ہر خاندان کےایک فرد کوملازمت دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عظیم اتحاد کے قیام کے سلسلہ میں ناما ناگیشورراوکا بہت بڑارو ل رہا۔

Comments are closed.