ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز جیت کے ساتھ کیا ہے ۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا نے 31 رنوں سے جیت درج کی ہے ۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کو 323 رنوں کا ہدف دیا تھا ، جس کے جواب میں گھریلو ٹیم 291 رنوں پر ہی آل آوٹ ہوگئی ۔
ہندوستانی ٹیم کی اس جیت میں بلے بازوں کے ساتھ ساتھ اس کے گیند بازوں کا بھی اہم رول رہا ۔ آخری اننگز میں بمراہ ، سمیع اور اشون کو 3-3 وکٹ ملے وہیں ایشانت شرما کو ایک کامیابی ملی ۔ ٹیم انڈیا نے اس جیت میں کئی ریکارڈس بھی توڑ ڈالے ۔
ٹیم انڈیا نے رقم کی تاریخ ، آسٹریلیا کو شکست دے کر بنا ڈالے یہ پانچ ریکارڈس
پہلا ریکارڈ
وراٹ کوہلی ایشیائی ٹیموں کے پہلے کپتان بن گئے ہیں جنہوں نے انگلینڈ ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ میچ جیتا ۔ وہیں ہندوستانی ٹیم ایک کلینڈر ایئر میں تین ممالک میں ٹیسٹ جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم ہے ۔
دوسرا ریکارڈ
ہندوستان نے 10 سالوں کے بعد آسٹریلیا میں ٹیسٹ جیتا ہے۔ وہیں ایڈیلیڈ کے میدان پر اس کی یہ صرف دوسری جیت ہے ۔ ہندوستان نے سال 2003 میں اس میدان پر جیت درج کی تھی ۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کی زمین پر چھٹا ٹیسٹ میچ جیتا ہے ۔
تیسرا ریکارڈ
ہندوستان نے پہلی مرتبہ آسٹریلیا کے دورہ پر ٹیسٹ سیریز کا پہلا مقابلہ جیتا ہے ۔ وہیں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا نے 2010 کے بعد پہلا ٹیسٹ میچ گنوایا ہے ۔
چوتھا ریکارڈ
ہندوستان نے پہلی مرتبہ بیرون ملک کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پہلے چار وکٹ 50 سے کم رن پر گنوانے کے بعد جیت درج کی ہے۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ہندوستان کے چار وکٹ صرف 41 رنوں پر گر گئے تھے ، اس کے باوجود اس نے ٹیسٹ میچ جیتا ۔
پانچواں ریکارڈ
ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوران 35 بلے باز کیچ آوٹ ہوئے ۔ یہ ایک ورلڈ ریکارڈ ہے ۔ پہلے کبھی کسی ٹیسٹ میچ میں اتنے بلے باز کیچ آوٹ نہیں ہوئے ۔
Comments are closed.