ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنا قبل از وقت ہوگا:تھامس

انتظامیہ کو جلد وائرس کے ختم ہونے اور عالمی مقابلے وقت پر منعقد ہونے کی امید

واشنگٹن۔21 مارچ : انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی اوسی) کے صدر تھامس بیخ نے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس 2020 کو ملتوی کرنا قبل ازوقت ہوگا تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث مختلف پہلوؤں پر غورکر رہے ہیں۔ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے اثرات کے باعث آئی او سی کو اولمپکس کے انعقاد پرکڑی تنقید کا سامنا ہے جو اپنی ٹاسک فورس کے ساتھ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات پر عمل کررہی ہے تاہم تھامس بیخ کوامید ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد پروگرام کے مطابق 24 جولائی سے 9 اگست تک ممکن ہو سکے گا کیونکہ عالمی ایونٹ کو منسوخ کرنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یقینی طور پر وہ دیگر پہلوؤں پر بھی غورکررہے ہیں لیکن دوسری اسپورٹس آرگنائزیشنز اور پروفیشنل لیگز کے برعکس وہ فی الحال گیمز کے انعقاد سے کم و بیش ساڑھے چار ماہ دورہیں لہٰذا ان کیلئے کھیلوں کی منسوخی سے متعلق سوچنا قبل از وقت ہوگا جبکہ کسی فیصلے پر پہنچنے کیلئے انہیں ٹاسک فورس کی جانب سے کوئی ہدایت یا تجویز بھی نہیں ملی ہے۔ واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے جولائی میں انعقاد پر اس وجہ سے بھی سوالیہ نشان لگاہوا ہے کہ دنیا بھر میں کھیلوں کے بیشتر ایونٹس انٹرنیشنل سفرکی پابندیوں اور وائرس سے بچاؤکیلئے ملتوی یا موخر ہوچکے ہیں۔اولمپک کوالیفائرز میں رکاوٹ کے باعث 43 فیصد ایتھلیٹ اپنی نشست بک نہیں کروا سکے لیکن تھامس بیخ نے کہا ہے کہ اولمپکس سے متعلق کسی فیصلے کیلئے صورتحال بدستور غیر یقینی ہے ۔دریں اثناء ناروے کی اولمپک کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹوکیو اولمپک کو صرف اس وقت ہی منعقد کیا جانا چاہئے جب کورونا وائرس پر قابوپالیا جائے ۔ ناروے کے ارباب مجاز نے آئی او سی کے صدرتھامس کو اولمپکس ٹوکیو 2020 اور کورونا وائرس کے عنوان کے تحت ایک مکتوب تحریر کیا جس میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ مقابلوں کو اس وقت ہی منعقد کیا جائے جب وائرس پر قابو پالیا جائے۔

Comments are closed.