ویڈیو: نوول کورونا وائرس ( کووِڈ ۔ 19) سے متعلق میڈیا بلیٹن

4ٹیسٹ مثبت ، 356اَفراد نے نگرانی کی مدت پوری کی

جموں: حکومت نے کہا ہے کہ جموںوکشمیر میں 356اَفراد نے 28روزہ نگرانی کی مدت پوری کی ہے اور اب تک صرف چار معاملات مثبت پائے گئے ہیں۔
نوول کورونا وائرس سے متعلق روزانہ میڈیا بلیٹن کے مطابق 3146 مسافر اور اَفراد مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں اور انہیں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔علاوہ ازیں 2337افراد کو گھروں میں کورین ٹائن کے لئے رکھا گیا ہے۔
ہسپتال کورین ٹائن میں 34اَفراد جبکہ گھروں میں 419اَفراد کو نگرانی کے لئے رکھا گیا ہے۔
بلیٹن میں مزید کہا گیاہے کہ 156نمونے ٹیسٹنگ کے لئے بھیج دئیے گئے ہیں جن میں سے 144 کے نمونے منفی جبکہ صرف چار معاملات کے نمونے مثبت پائے گئے اور 19مارچ 2020ء تک 8معاملات کی رپورٹیں آنا باقی تھی۔
ایڈوائزری میں سماجی سطح پر مناسب دوری کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گبھرائیں نہیں اورغیر ضروری سفر کو ترک کریں۔اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال سے اِجتناب کریں۔ علاوہ ازیں بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور بڑے بڑے اجتماعات سے دور رہیں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کے بنیادی اصولوں پر عمل کریں اور باربار صابن سے اپنے ہاتھ دھوئیں۔کھانستے یا چھنکتے وقت رومال کا استعمال کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ۔اگر کسی شخص کو بخار ہو ، کھانسی آتی ہو یا سانس لینے میں تکلیف محسوس ہو رہی ہو وہ جلد از جلد صحت حکام کے ساتھ رابطہ قائم کرسکتا ہے۔
غلط فہمیوں کو دُور کرنے کے لئے لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ صرف سرکار کی طرف سے جاری کی گئی جانکاری پر ہی بھروسہ کریں ۔ یہ جانکاری سرکار کی طرف سے پرنٹ او رالیکٹرانِک میڈیا روزانہ میڈیا بلیٹنوں کے ذریعے جاری کی جاتی ہے۔
بلیٹن میں نوول کورونا وائرس ( کووِڈ ۔19) کے تعلق سے عوام کی سہولیت کے لئے ہیلپ لائن نمبرات جاری کئے گئے ہیں۔ 1075(ٹول فری ایم او ایچ اینڈ ایف ڈبلیو مرکزی سرکار )، 0191-2549676( یوٹی سطح کا نمبر برائے جموںوکشمیر)،0191-2520982 ( برائے جموں صوبہ ) ، 0194-2440283 اور 0194-2430581( برائے صوبہ کشمیر ) ۔

Comments are closed.