ویڈیو: جامع مسجدکی بے حرمتی کی کوششوں کی مذمت

 

سرینگر31دسمبر: لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے جامع مسجد سرینگر کی کچھ عناصر کے ہاتھوں حالیہ بے حرمتی کی کوششوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ مساجد اور منبر و محراب ہمارے لئے شعائر اللہ میں سے ہیں اور ان مقدس مقاماتِ عبادت کی بے توقیری یا بے حرمتی کو کوئی مسلم تو کجا کوئی ذی ہوش و حواس انسان بھی برداشت نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سماج کے ہر ذی ہوش نے اس مذموم واقعے کی سخت مذمت کی ہے اور یہ بات ثابت کرتی ہے کہ اس مذموم عمل کو کوئی بھی برداشت یا قبول نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ جامع مسجد سرینگر ‘ کشمیری مسلمانوں کیلئے مقدس مقام ہے اور اس کی عظمت کو داغ دار بنانے کی کسی بھی مذموم کوشش کو ہم قطعاً برداشت نہیں کریں گے۔شہید دانش کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ اس مجلس کے اختتام پر ایک دعائیہ مجلس بھی منعقد ہوئی جس میں شہید دانش کے ساتھ ساتھ جملہ شہداء کیلئے اعلیٰ دراجت کی دعائیں کی گئیں۔جما عت اسلامی نے کہاہے جامع مسجد سرینگر وادی میں اشاعت دین اور معرفت الٰہی کا صدیوں سے ایک اہم مرکز رہا ہے اور اس کا وادی کے مسلمانوں کے سیاسی اور سماجی مسائل کو حل کرانے کی خاطر ایک مرکزی رول رہا ہے۔ اس کے علاوہ جب بھی یہاں کے مسلمانوں کے دینی معاملات میں مداخلت کی کوشش کی گئی تو اسی مسجد کے منبر سے اس کے خلاف آواز بلند ہوتی رہی ہے۔ جامع مسجد کے اس منبر سے ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان اتفاق و اتحاد کو قائم رکھنے کے لیے ہر سطح پر کوششیں کی گئیں اور انتشار پھیلانے کی مذموم کوششوں کا ڈٹ کر علمی اور عملی سطح پر مقابلہ کیا گیا ۔ اس لیے اس بنیادی مرکز کو کسی قسم کا نقصان پہنچانا، ملت اسلامیہ کشمیر کے دینی جذبات کو مجروح کرانے کے مترادف ہے اور اس طرح کی کسی بھی کوشش کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔جماعت اسلامی جموں وکشمیر علی الخصوص وادی کی تمام دینی تنظیموں اور اداروں کے علاوہ مسلمانوں کے مفاد عامہ سے متعلق اداروں سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ اس نازک موقعہ پر جامع مسجد کے امین ، میر واعظ محمد عمر فاروق کے ساتھ مکمل یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے، منبر رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کرنے والے ان ناہنجار عناصر کی کھل کر اور کڑی مذمت کریں۔ جماعت اسلامی، جامع مسجد کے منتظمین علی الخصوص میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق کو یقین دلاتی ہے کہ اس طرح کی دین دشمن کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جماعت ان کا بھر پور ساتھ دے گی اور ان عناصر کی ان بے ہنگم اقدامات کی ہر سطح پر مخالفت اور مذمت کرتی ہے۔جماعت اسلامی ملت اسلامیہ کشمیر کے دین پسند علی الخصوص نوجوانوں کو تلقین کرتی ہے کہ دین کی آڑ میں ان دین دشمن کارروائیوں کا علمی اور عملی سطح پر مقابلہ کریں اور ان ریشہ دوانیوں کے پس پردہ عناصرِ بد کو بے نقاب کرانے میں تعاون کریں۔ اتحاد المسلمین نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں شر پسندانہ حرکت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایجنسیوں کی کارستانی قرار دیا ہے۔ تنظیم کے سربراہ و سینئرحریت رہنما مولانا عباس انصاری نے جامع مسجد کے تقدس کی بے حرمتی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مذموم کاروائیوں کے پیچھے ایک گہری سازش ہے جس کو بے نقاب کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ مولانا عباس انصاری نے کہا کہ خانہ خدا اور منبر رسولؐ کی بے حرمتی انتہائی مذموم اور ناقابل برداشت عمل ہے ان دونوں کی حرمت اور تقدس کا محافظ بننا مظلوم کشمیری قوم کا اولین فریضہ ہے۔ مولانا نے کہا کہ استعماری ایجنسیوں نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے متعدد بار سازشیں رچا کر ہماری عبادتگاہوں،روحانی مراکز اورمقدس کتاب قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے کشمیری قوم کے جذبات مجروع کرنے کی کوششیں کی ہے لیکن غیور اور باہوش ملت نے متحد ہوکر ان تمام سازشوں کا مقابلہ کرکے دشمن کی کمر توڑ دی ہے۔

Comments are closed.