ویڈیو:‌بنر بارہمولہ باغات میں فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان مسلح تصادم آرائی ، 3لشکر طیبہ جنگجو جاں بحق

تیسرا دن ، تیسرا ضلع اور تیسری خونین معرکہ آرائی
جنگجو ئوں کی کمین گاہ تباہ ، تینوں نعشیں برآمد ،تلاشی آپریشن جاری، شناخت کیلئے کارروائی شروع /پولیس

 

سرینگر/23جنوری /سی این آئی رواں ہفتے کے تیسرے دن میں تیسری خونین معرکہ آرائی میں شمالی کشمیر کے بنر بارہمولہ باغات میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں تین لشکر جنگجو جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ فورسز نے جنگجو ئوں کی کمین گاہ کو بھی تباہ کیا ۔جھڑپ کے ساتھ ہی افواہیوں کے روکتھام کیلئے ضلع میں انٹر نیٹ خدمات بند کر دی گئی ہے جبکہ سیکورٹی بھی بڑھائی گئی ہے ۔پولیس نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں جنگجوئوں کی نعش بر آمد کی گئی ہے جبکہ ان کی شناخت کے حوالے سے کارروائی جاری ہے ۔ سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو بارہمولہ کے بنر جنگلات میں کمین گاہ میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج و فورسز ، سی آر پی ایف اور ایس او جی بارہمولہ نے باغات کا محاصرہ کرکے وہاں تلاشی کارروائی شروع کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ باغات میں بدھ کو اس وقت گولیوں کی گن گرج سنائی دی جب کمین گاہ میں موجود جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کی ۔ جس کے ساتھ ہی فورسز نے مورچہ زن ہوکر جوابی کارروائی کی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فوج نے جنگجوئوں کو سرینڈر کرنے کی پیشکش کی جس کے جواب میں جنگجوئوں نے پولیس و فوسز پر گرینیڈ داغا جو زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا اور جدید ہتھیاروں سے گولیاں چلائیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ باغات میں گولیوں کا تبادلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی فورسز نے پورے علاقے میں سخت ناکہ بندی کی اور جنگجوئوں کے خلاف آپریشن شروع کیا اور طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان دن بھر گولیوں کا تبادلہ جاری رہا ۔ جبکہ بعد دوپہر فوج نے جنگجوئوں کی کمین گاہ کو دھماکے سے اڑا دیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جنگجوئوں کی کمین گاہ تباہ کرنے کے ساتھ ہی فوج و فورسز نے کمین گاہ سے تین جنگجوئوں کی نعشیں بر آمد کی جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولی بارود ضبط کیا گیا۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے جھڑپ میں تین جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جھڑپ کے مقام سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولی باود ضبط کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں جنگجوئوں کی شناخت کر نے کیلئے کارروائی جاری ہے جس کے بعد انہیں آخری رسومات کیلئے لواحقین کے سپرد کیا جائے گا ۔ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ تینوں جنگجوئوں کا تعلق عسکری تنظیم لشکر طیبہ سے ہیں ۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ ضلع میں افواہوں کے روکتھام کیلئے موبائیل انٹر نیٹ خدمات بند کر دی گئی ہے جبکہ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر ضلع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔

 

Comments are closed.