ویڈیو:عالم اسلام کے متحد ہونے کا وقت آگیا ہیں، امت مسلمہ کی زبوں حالی انتشار و افتراق کا نتیجہ

آپریشن آل آوٹ ریاست کے خلاف ایک گھناؤنی سازش:صدر جمعیت اہلحدیث پروفیسر غلام محمد بٹ

سرینگر:جمعیۃ اہلحدیث جموں کشمیر کی مجلس شوریٰ کا ایک عظیم الشان اجلاس آج پرے پورہ سرینگر میں محترم غلام محمد بٹ المدنی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ریاست جموں وکشمیر کے تینوں خطوں لداخ، کشمیر اور جموں کے معزز ممبران مجلس شوریٰ نے شرکت کی۔
اجلاس میں جمعیۃ کی یک سالہ کارکردگی پر معزز ممبران شوریٰ نے بحث و تمحیص کے بعد اظہار اطمنان کیا اور آئندہ سال کامنصوبہ عمل تشکیل دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمعیۃ اہلحدیث جموں وکشمیرصدر غلام محمد بٹ المدنی نے گذشتہ ایک سال کے دوران ریاست بھر میں ظلم وستم کے بازار پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آپریشن آل آوٹ کوجن پست ذہنیت کی عکاسی اور نوجونان جموں وکشمیر کے خلاف ایک گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے اپنی شدیدبرہمی کا اظہار کیا اور ایک مختصر سی مدت میں 400سے زیادہ نوجوانوں کا خاتمہ یقیناًایک لمحہ فکریہ ہے۔ جس پر سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے اور شہروگاؤں میں پھیلی ہوئی قتل وغارت گری، نامعلوم ہلاکتوں، نوجوانوں کی گرفتاریوں، قائدین کی نظر بندیوں اور مختلف ایجنسیوں کی ہراسمنٹ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے سارے متعلقین سے اس مسئلے کے دائمی تصفئے کے لئے آگے آنے پر زور دیا کہ متذکرہ اَنارکی اور خوف وہراس کی اس سیاہ رات کا خاتمہ کیا جاسکے۔
اجلاس سے ناظمِ اعلیٰ جمعیۃ اہلحدیث جموں وکشمیر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی صاحب نے حال ہی میں رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے بلائی گئی بین الاقوامی اتحاد امت کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس مسلمانوں کے درمیان اتحاد واتفاق کو فروغ دینے اور انتشار و افتراق کے اسباب کے خاتمے کے لئے بلائی گئی تھی اور جمعیۃ اہلحدیث جموں وکشمیر کے لئے فخروانساط اور فرحت ومسرت کی بات ہے کہ اس تاریخی کانفرنس میں جمعیۃ کی قیادت کو بلایا گیا اور ان کے تأثرات کو دلچسپی سے سنا گیا۔
یاد رہے کہ وحدت امت کی اس عالمی کانفرنس میں پوری دنیا سے 1200علماء، مفکرین اور دانشوروں نے شرکت کی اور 127ملکوں کے نمائندوں کی موجودگی میں سعودی عرب کی علمی اور سیاسی قیادت نے امت مسلمہ کی رہنمائی اور ان کے درمیان اتفاق و اتحاد قائم کرنے کی اپنی کوششوں سے متعلق جانکاری دلائی اور دنیا کے سیکڑوں مفتی حضرات ، مذہبی وزارتوں کے نمائندوں اور مندوبین نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی مذہبی مرجعت اور نکتہ اتحاد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جس امت کے پاس عقیدہ توحید کے ساتھ عقیدہ رسالت، ایک کتاب، ایک قبلہ اور صراط مستقیم کی نشاندہی ہو وہ قوم کیسے بھٹک سکتی ہے اور کیسے بکھر سکتی ہے۔ اس پر سنجیدگی کے ساتھ سوچنے اور امت کو اپنے کامیابی کے ڈگر پر واپس لوٹانے کی ضرورت ہے۔
جمعیۃ اہلحدیث جموں وکشمیر بھی عالم اسلام کی اس آواز پر لبیک کرتے ہوئے سارے جہاں میں امت مسلمہ کے وسیع تر اتحاد اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کی اپنی قوم وملت سے اپیل کرتی ہے۔
اجلاس میں ناظم اعلیٰ نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے ٹرانس ورلڈ مسلم یونیورسٹی کا مسئلہ پوری شدت کے ساتھ اُٹھایا اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو فی الفور دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس سے مفتی جمعیۃ محترم محمد یعقوب بابا المدنی صاحب، شفاعت احمد فاروقی ، انجینیر عاشق حسین صاحب صاحب، مولانا عبداللطیف ریاضی ، مولانا عبد اللطیف بٹ المدنی اور نصر اللہ بٹ صاحب کے ساتھ ساتھ دیگراعیانِ جماعت نے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کے اجلاس کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے دنیا کے ہر کونے میں اسلامی تعلیمات کے پھیلاؤ، اتحاد و اتفاق کے قیام اور دعوت دین کے کام کو مزید منظم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شورائی اجلاس میں ریاست کے تینوں خطوں میں جمعیۃ کی طرف سے ہو رہے تعلیمی ، دعوتی ، تعمیراتی اور رفائی کاموں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور د یا گیا اور مفتی صاحب کی دعا پر اجلاس اختتام پزیر ہوا۔

Comments are closed.