وزیر داخلہ امیت شاہ کا جموں و کشمیر کا دورہ: کئی اہم امور پر تبادلہ خیال
سری نگر،7اپریل
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے دورۂ جموں و کشمیر کے دوران سیکیورٹی منظرنامے، سرحدوں پر انسدادِ دراندازی کے گرڈ کو مضبوط بنانے اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے سرگرم دہشت گردوں کے خلاف نئی حکمت عملی تشکیل دینے، اور ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے زمینی سطح پر مؤثر اقدامات پر زور دیا۔
وزیر داخلہ کے دورے کی جھلکیاں: جموں میں بی جے پی ارکانِ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب،
امت شاہ نے اتوار کی شام راج بھون جموں میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی، جس دوران جموں و کشمیر کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رات ساڑھے آٹھ بجے، انہوں نے بی جے پی ہیڈکوارٹر ترکوٹہ نگر میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور ارکانِ اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کی۔
انہوں نے بی جے پی ارکان کو یقین دلایا کہ ریاستی درجے کی بحالی کے حوالے سے مرکز اپنے وعدے پر قائم ہے اور موزوں وقت پر اس پر فیصلہ لیا جائے گا۔
کٹھوعہ میں اگلی چوکیوں کا کیا دورہ، پیر کو امت شاہ نے کٹھوعہ میں ’ونے‘ سرحدی چوکی کا دورہ کیا اور لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود سینیئر افسران سے سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
امت شاہ نے اعلان کیا کہ آئندہ 3 سے 4 برسوں میں بی ایس ایف کو دی جانے والی تکنیکی معاونت کو بھارت-پاکستان سرحد پر مکمل سیکیورٹی اقدامات کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس کے بعد اس منصوبے کو بھارت-بنگلہ دیش سرحد تک وسعت دی جائے گی۔
بی ایس ایف اور سول انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ،
دورے کے دوران امت شاہ نے کٹھوعہ میں بی ایس ایف اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔
اس میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، پولیس سربراہ نلین پربھات، چیف سیکریٹری اتل ڈھلو اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔بی ایس ایف افسران نے پاورپوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے وزیر داخلہ کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
راج بھون جموں میں شہداء کے لواحقین میں تقرریوں کے آرڈر تقسیم کئے- پیر کی سہ پہر، وزیر داخلہ نے راج بھون جموں میں ایک تقریب کے دوران دہشت گردی کے خلاف فرائض کی انجام دہی میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو تقرری کے آرڈر تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مرکز جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
سری نگر آمد اور ڈی ایس پی ہمایوں بٹ کے اہلخانہ سے ملاقات
پیر کی شام وزیر داخلہ سری نگر پہنچے جہاں ہوائی اڈے پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ان کا استقبال کیا۔
بعدازاں وہ ڈی ایس پی ہمایوں بٹ کے گھر گئے، جو ستمبر 2023 میں اننت ناگ میں ایک انکاؤنٹر کے دوران شہید ہوئے تھے، اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔سری نگر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، امت شاہ کے دورے کے پیش نظر سری نگر اور مضافاتی علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، شہر میں گشت میں اضافہ کیا گیا ہے اور اہم مقامات پر اضافی فورس تعینات کی گئی۔
آئی جی کشمیر وی کے بردی نے اس سلسلے میں مشترکہ سیکیورٹی میٹنگ کی صدارت کی۔
سری نگر میں اعلیٰ سطحی سیکیورٹی میٹنگ اور وفود سے ملاقاتیں
باوثوق ذرائع کے مطابق، اپنے قیام کے دوران وزیر داخلہ کشمیر کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور بی جے پی کشمیر یونٹ کے سینئر لیڈران سمیت مختلف عوامی وفود سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ ون ٹو ون ملاقات بھی متوقع ہے۔
Comments are closed.