وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے برفباری کے بعد بحالی کے عمل کی نگرانی کی
سری نگر/29دسمبر
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے حالیہ شدید برفباری کے بعد آج بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ صوبہ کشمیر کے ممبران قانون ساز اسمبلی اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کی صدارت کی۔
یہ میٹنگ ’ رابطہ پبلک آﺅٹ ریچ آفس‘ میں جاری بحالی کی کوششوں کا جائزہ لینے اور برف صاف کرنے ، بجلی اور پانی کی فراہمی، صحت سہولیات اور دیگر اہم خدمات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔
دورانِ میٹنگ مختلف پارٹیوں کے ممبران اسمبلی نے برفباری سے نمٹنے کے لئے وزیر اعلیٰ انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے موسمی مشکلات کے وقت حکومتی عزم کا اعتراف کیا۔
میٹنگ میں وزیر جاوید احمد ڈار نے بطوررُکن قانون ساز شرکت کی۔
میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
میٹنگ کے شروعات میں وزیر اعلیٰ نے تمام پارٹیوں کے اَرکان قانون ساز اسمبلی سے ان کے متعلقہ حلقوں میں بحالی کے اَقدامات کے بارے میں رائے طلب کی۔برف صاف کرنے کاموں، بجلی اور پانی کی فراہمی کی بحالی اور دیگر ضروری خدمات اورسامان کی فراہمی پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ نے وادی¿ کشمیر اور صوبہ جموںکے برفباری سے متاثرہ اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ بھی ایک ایک کر کے بات چیت کی۔
ضلع ترقیاتی کمشنروں نے موجودہ صورتحال کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کیں اور حالات کو معمول پر لانے کے لئے بالخصوص مشکل موسمی حالات میں کئے گئے اَقدامات کی تفصیل بتائی۔
دورانِ میٹنگ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ عوامی شکایات کے تئیں حساس اور جوابدہ رہیں اور اُنہیں ہدایت دی کہ وہ خدمات کی فراہمی میں خامیوں کی نشاندہی کریں اور فوری اصلاحی اقدامات کریں۔
اُنہوں نے عام لوگوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور صوبائی کمشنروں ، ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ملازمین کی لگن کو سراہا جو خراب موسمی حالات میں انتھک محنت کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے آئندہ ہفتے برفباری کی پیش گوئی کی روشنی میں مزید تیاریوں پر زور دیا۔
اُنہوں نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ حالیہ موسمی واقعات سے سیکھے گئے اَسباق کی بنیاد پر ایکشن پلان کو بہتر بنائیں۔
وزیراعلیٰ نے شہریوں کی رسائی کو یقینی بنانے کے لئے لنک سڑکوں، اندرونی گلیوں اور بائی لین پر برف صاف کرنے کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اُنہوں نے محکمہ جل شکتی (پی ایچ ای) کو پانی کی فراہمی کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے اور متاثرہ علاقوں میں پانی کے ٹینکروں کی تعیناتی میں اضافہ کرنے کی ہدایت دِی۔
وزیر اعلی عمر عبداللہ نے سری نگر میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ محکموں کو نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے روکنے کے اَقدامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی۔
اُنہوں نے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آسان آواجاہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نیشنل ہائی ویز اَتھارٹی آف اَنڈیا (این ایچ اے آئی)، ٹریفک پولیس اور ضلعی اِنتظامیہ کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا۔
وزیراعلیٰ نے عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لئے مختلف محکموں کے درمیان مسلسل نگرانی اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری، ڈصوبائی کمشنر جموں اور دیگر سینئر سول اِنتظامیہ کے اَفسروں نے بھی بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔
Comments are closed.