وزیر اعظم حج کوٹے میں کمی کا معاملہ سعودی حکومت کے ساتھ اٹھائیں: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر، 14 اپریل

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حج کوٹے میں کمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم ہند سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ اعلیٰ سطح پر اٹھائیں تاکہ ہزاروں عازمین کو اس اہم فریضے کی ادائیگی سے محروم ہونے سے بچایا جا سکے۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ "حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک اہم فریضہ ہے، اور دنیا بھر کے مسلمان اس کی ادائیگی کے لیے برسوں تک محنت و مشقت سے رقم جمع کرتے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے سعودی حکومت نے 52,000 عازمین کے کوٹے کو منسوخ کر دیا ہے، جو مختلف ٹور آپریٹروں کے ذریعے حج پر جانے والے تھے۔”
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے جموں و کشمیر کے سینکڑوں عازمین بھی متاثر ہوئے ہیں، جنہوں نے پہلے ہی حج کے لیے رقم جمع کر دی تھی۔ "یہ اقدام نہ صرف عازمین حج کو فریضہ انجام دینے سے محروم کر رہا ہے بلکہ سینکڑوں ٹور آپریٹروں کے ذریعہ معاش پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے۔”
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ سعودی حکومت کے اس فیصلے سے لوگوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا، "ہمارے ملک اور سعودی عرب کے درمیان دوستانہ سفارتی تعلقات ہیں، اس لیے میں وزیر اعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور سعودی قیادت سے رابطہ کرکے حج کوٹے میں کمی کا فیصلہ واپس لینے کی درخواست کریں۔”
نیشنل کانفرنس کے صدر نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے بھی اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم کو اس سلسلے میں خط لکھیں تاکہ اس معاملے کو اعلیٰ سطح پر اُٹھایا جا سکے۔

Comments are closed.