والدین سے یک مُشت فیس کی ادائیگی کا تقاضہ کرنے اور ٹرانسپورٹ چارجز وصول کئے جانے والے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے خلاف ہوگی ضابطے کے تحت کاروائی: جی این ایتو

میڈیا رپورٹوں اور والدین کی شکایات کا ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے لیا سخت نوٹس۔۔۔

سرکیولر جاری کرکے پرائیویٹ سکولوں کو بنایا جوابدہ؛ سرکار کو کیا آگاہ۔۔۔

کہا ؛ سرمائی تعطیلات کے دوران ٹیوشن فیس یا ٹرانسپورٹ چارجز کی وصولی اُسی صورت میں ہوسکتی ہے جب متعلقہ پرائیویٹ سکول کی طرف سے ڈائیوروں یا اساتذہ کو تنخواہ فراہم کی جارہی ہو۔۔۔

سرینگر: میڈیا رپوٹوں اور والدین کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے پرائیویٹ سکولوں کے منتظمین کو خبردار کیا ہے کہ والدین سے یک مُشت فیس کی ادائیگی کا تقاضہ کرنے اور خدمات کی عدم فراہمی میں ہیٹنگ اور ٹرانسپورٹ چارجزوصول کئے جانے والے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی ہوگی۔

ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر نے اس سلسلے میں ایک سرکیولر زیر نمبر DSEK/PS/523بتاریخ 22دسمبر2018 جاری کرتے ہوئے پرائیویٹ سکولوں کے منتظمین کو جوابدہ بناتے ہوئے اس سلسلے میں کئے جانے والی کاروائی سے متعلق سرکار کو بھی آگاہ کیا ہے۔
ناظم تعلیم کشمیر نے پرائیویٹ سکولوں کے منتظمین کو احکامات پر من و عن عمل کئے جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سرمائی تعطیلات کے دوران ٹرانسپورٹ چارجز اور ٹیوشن فیس کی وصولی اُسی صورت میں کریں جب وہ ڈرائیوروں یا اساتذہ کو ان مہینوں کے دوران تنخواہ دے رہے ہو۔ ڈاکٹر ایتو نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کے منتظمین محکمے کے قواعدو ضوابط کے مطابق مہینہ وار بنیاد پر ہی فیس کی وصولی کو یقینی بنائیں۔

اسی دوران جموں و کشمیر جوائنٹ کارڈی نیشن کمیٹی آف پرائیویٹ سکولز کے ذمہ داران نے محکمے کے احکامات کی پیروی میں ناظم تعلیم کشمیر کو یقین دلایا ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کی طرف سے محکمے کے قواعد و ضوابط کو مکمل طور عملایا جائے گا اور کسی پرائیویٹ سکول کی طرف سے خلاف ورزی کی صورت میں کاروائی کئے جانے میں کارڈی نیشن کمیٹی کو محکمے کے شانہ بہ شانہ دیکھا جائے گا۔

Comments are closed.