نور باغ میں بھیانک آتشزدگی، تین رہائشی مکان خاکستر

سری نگر09 ستمبر

جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے نور باغ علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح سات بجے کے قریب سری نگر کے نور باغ علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آگ کی اس واردات میں تین رہائشی مکان مکمل طورپر خاکستر ہوئے ہیں۔

فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ نور باغ میں پیر کی صبح سات بجے کے قریب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔
انہوں نے کہاکہ ایک درجن کے قریب فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ہے۔

دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔

Comments are closed.