نوجوان کمرے میں سونے گیا اور صبح نہیں اٹھ پایا ،لیتر پلوامہ میں کہرام

سرینگر /26دسمبر /

جنوبی ضلع پلوامہ کے لیتر علاقے میں منگل کی صبح اس وقت کہرام مچ گئی جب ایک نوجوان حرکت قلب بند ہونے سے لقمہ اجل بن گیا ۔ ادھر سمبل سوناواری میں دم گھٹنے کے باعث نوجوان موت کی آغوش میں چلا گیا ۔

سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ کے لیتر علاقے میں منگل کی صبح اس وقت قیامت صغری بپا ہوئی جب ایک 28سالہ نوجوان حرکت قلب بند ہونے سے لقمہ اجل بن گیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق مجتبیٰ بشیر والد بشیر احمد نامی نوجوان سوموار کی شام دیر گئے اپنے کمرے میں سونے چلا گیا تاہم صبح وہ جب نہیں جاگ پایا تو گھر والوں نے اسے جگانے کی کوشش کی لیکن انہوں نے اس کو بے ہوش پایا ۔ اسی دوران نوجوان کو ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ علاج کیلئے پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے وہاں مردہ قر ار دیا ۔ ادھر واقعہ کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی صف ماتم بچھ گئی جبکہ جونہی مجتبیٰ بشیر کی نعش آبائی علاقے میں پہنچ گئی تو وہاں ہر طرف رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملیں ۔

ادھر نوجوان کو لوگوں کی کثیر تعداد میں آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا گیا ۔ ادھر بانڈی پورہ کے سنبل علاقے میں نوجوان دم گھٹنے کے باعث موت کی آغوش میں چلا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نذیر احمد صوفی ولد محمد عبداللہ ساکنہ سری ڈگر پورہ سنبل کو بے ہوشی کی حالت میں جے وی سی اسپتال سرینگر لے جایا گیا۔جہاں ہسپتال کے ڈاکٹروں نے انہیںمردہ قرار دیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نوجوان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔

Comments are closed.