ناسازگار موسمی حالات کے دوران امتحانات کا خوش اسلوبی سے انعقاد /ناظم تعلیمات

امتحانی مراکز میں روشنی اور گرمی کے انتظامات اولین ترجیح
بچوں کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی یا زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی

سرینگر:سرینگر؍09 نومبر؍ وادی کے موسم میں امکانی خرابی کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے سکولی تعلیم نے 10 ویں اوربارہویں جماعت کے جاری امتحانات کو بلاخلل منعقد کرنے کیلئے پوری سرکاری مشنری کو متحرک کردیا ہے۔ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر نے والدین کو یقین دلایا ہے کہ بچوں کے ساتھ امتحانات کا احسن انعقاد ہمار ا اعلی اورمشترکہ مقصد ہے اور بچوں کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی یا زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی ۔اس بارے میں گورنمنٹ گرلز ہائرسیکنڈری سکول کوٹھی باغ سرینگر میں آج تمام امتحانی مراکز کے سکولوں کے سربراہوں کی ایک غیر معمولی ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور سیکرٹری بورڈنے کی۔ میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر صاحبان، بورڈ کے اعلی حکام ، پرنسپل ایس آئی ای اور تمام سکولوں کے سربراہ شریک ہوئے۔ میٹنگ کے دوران ڈائریکٹر موصوف نے ان امتحانی مرکز کے سربراہوں کو واضح ہدایت دی کہ محکمہ موسمیات نے 12 سے لیکر 14 نومبر تک جو امکانی برفباری کی پیشگوئی کی ہے اُس کے پیش نظروہ امتحانات کے ایام میں تمام ضروری قدم اُٹھائیں تاکہ بچوں کو کسی قسم کی کوئی مشکل پیش نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ امتحانات کے احسن طور پر انعقاد کیلئے محکمہ تعلیم، بورڈ آف سکول ایجوکیشن اور تمام ضلعی انتظامیہ کے مابین بہتر تال میل قائم کیا گیا ہے تاکہ10سویں اور بارہویں جماعت میں شامل ہونے والے اُمیدواروں کو کوئی دقت پیش نہیں آئے ۔انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکزمیں Heating اور Lighting کے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں ۔سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ بورڈ نے ہر امتحانی سینٹر کے حق میں ایک ایک ہزار روپے پیشگی فراہم کئے ہیں اور مزید اخراجات کی صورت میں بورڈ کی جانب سے رقومات کو واگذارکیا جائے گا۔ میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہ بچے گرمی اور بجلی کے انتظامات کے بارے میں شکایت کررہے ہیں ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ اس بارے میں ضروری قدم اُٹھائے گئے ہیں اور آنے والے دنوں میں بچوں کو کوئی شکایت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں ہم نے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے جس پر پہلے 24 گھنٹوں کے دوران1500 واٹس اپ پیغامات اور 800 فون کالز موصول ہوئیں اور والدین و بچوں کی شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے ۔یہ پوچھے جانے پر کہ پرائیویٹ سکولوں میں امتحانی مراکز میں بچوں کو تمام سہولیات میسر نہیں ہیں کے جواب میں کہا کہ میں بذات، خود اور بوڑد حکام کے ہمراہ ان امتحانی مراکز کا دورہ کررہا ہوں اور چند ایک پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے ناقص انتظامات کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور انکے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے میٹنگ میں بولتے ہوئے کہا کہ امتحانات کا بہتر ڈھنگ سے انعقاد ہمارا مشترکہ کاز ہے اسلئے میں میڈیا کی وساطت سے والدین کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ بچوں کے ساتھ کسی قسم کی نانصافی نہیں ہونی دی جائے گی اور انکی جائز شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے بورڈ حکام کے ساتھ میرا برابر رابطہ ہے۔

Comments are closed.