نارکو ٹیررزم اور نفسیاتی جنگ بڑے خطرات کے بطور ابھر رہے ہیں:منوج سنہا
سر ینگر،18اکتوبر
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ نارکو ٹیررزم اور نفسیاتی جنگ دو بڑے خطرات کے طور پر ابھر رہے ہیں جن کا پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کو موثر طریقے سے مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس ایک با صلاحیت فورس ہے اور یہ فورس یونین ٹریٹری کے وقار و آبرو کے تحفظ کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ رہی ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے شیری علاقے میں منعقدہ پولیس کی ایک پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ٹیکنالوجی دن بہ دن ترقی کر رہی ہے نارکو ٹیررزم اور نفسیاتی جنگ دو بڑے چلینجز ابھر کر سامنے آ رہے ہیں ان کا مقابلہ کرنے کے لئے پولیس اور سیکورٹی فورسز کو مل کر کام کرنا ہوگا’۔
مختلف محاذوں پر لڑنے کے لئے جموں وکشمیر پولیس کے لئے تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر پولیس با صلاحیت فورس ہے اور اس نے یونین ٹریٹری کے وقار اور آبرو کے تحفظ کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی’۔مسٹر سنہا نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران صورتحال میں کافی تبدیلی آئی ہے اور اب یہاں کا عام آدمی پر سکون زندگی گذار رہا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘لیکن کچھ عناصر امن کو خراب کرنے کے لئے اپنا رول ادا کر رہے ہیں کیونکہ وہ غریب لوگوں کی خوشحال زندگی سے خوش نہیں ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر پولیس ایسے امن مخالف عناصر کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اختیار کرنی چاہئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس ایک طرف ٹیررزم کے خلاف نبرد آزما ہے تو دوسری طرف امن و قانون کی صورتحال کوبر قرار رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا: ‘پولیس کو اس کے علاوہ دوسرے چیلنجز کا سامنا ہے جن میں سماجی جرائم اور عام پولیسنگ شامل ہیں میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر پولیس ملک کی بہترین فورس ہے’۔منوج سنہا نے نوجوانوں کو مختلف کھیل سرگرمیوں کی طرف راغب کرانے میں پولیس کے وسیع پیمانے پر شروع کئے جانے والے سیوک ایکشن پروگرام کی سراہنا کی۔انہوں نے نئے پاس آﺅٹس سے مخاطب ہو کر کہا: ‘آپ کو یہ عہد لینا چاہئے کہ آپ دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے’۔انہوں نے ڈی ایس پی ہماریوں بٹ و دیگر پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر اور پوری قوم ان بہادروں کی مرہون منت ہے جنہوں نے قوم کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جموں وکشمیر پولیس کے جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کو نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب تک آخری دہشت گرد کو مار گرایا نہیں جاتا تب تک سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔یو این آئی
Comments are closed.