میری حکومت لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے لئے پر عزم ہے: منوج سنہا
جموں، 3 مارچ
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ حکومت لوگوں کی امنگوں اور خواہشات کو پورا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران جموں و کشمیر کی معیشت میں قابل ذکر بڑھوتری ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت جموں و کشمیر کو ایک تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو اسمبلی کے پہلے بجٹ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘میری حکومت جموں وکشمیر کو ایک تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے توجہ مرکوز کر رہی ہے’۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت سکولوں کو بااختیار بنانے کے لیے اٹل ٹنکرنگ لیبارٹریز کے ساتھ اپ گریڈ کر رہی ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ تدریسی مراکز کو بڑھانے اور اساتذہ کو بہتر بنانے کے لیے حکومت اساتذہ کے لیے صلاحیت سازی کے پروگراموں کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ اسکولوں میں موثر سیکھنے کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بہتری لانے اور اساتذہ کی حاضری کو ٹریک کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘ میری حکومت اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بڑھانے کے لیے مناسب سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل ایجوکیشن پالیسی (این سی پی) 2020 کے مطابق ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلباء اور فیکلٹی کی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ میں ترقی کے لیے رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا: ‘ مزید برآں اختراعات، انکیوبیشنز اور کاروباری افراد کی فعال طور پر حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ طلباء میں اسٹارٹ اپس کی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے اور انہیں ترقی اور خود انحصاری کو آگے بڑھانے کے لیے مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے’۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں میں آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم اب کام کر رہے ہیں اور جموں یونیورسٹی نے A++ NAAC گریڈ کو برقرار رکھا ہے جبکہ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی( آئی یو ایس ٹی) مہارت کی نشوونما اور اختراع میں سرفہرست ہے’۔انہوں نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی (کے یو) کی فیکلٹی کو عالمی سائنس دانوں میں سرفہرست دو فیصد میں تسلیم کیا جاتا ہے اورکلسٹر یونیورسٹی آف جموں اور آئی یو ایس ٹی جیسے ادارے اعلیٰ درجے کی تحقیق میں اپنا رول ادا رہے ہیں’۔
ریاستی درجے کی بحالی کے بارے میں بات کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ حکومت جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے کو پورا کرنے کے لے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت جاری رکھی جائے گی۔ان کا کہنا تھا: ‘ حکومت جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے جاری رکھے جائیں گے’۔انہوں نے کہا کہ حکومت مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بروقت انتخابات کو یقینی بنا کر پنچایت اور شہری مقامی اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت کشمیری پنڈتوں کی واپسی کو آسان بنانے اور اس کے لیے ایک محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا: ‘حکومت لوگوں کی امنگوں اور خواہشات کو پورا کرنے کے کئے پر عزم ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں کے دوران جموں و کشمیر کی معیشت میں قابل ذکر بڑھوتری ہوئی ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانا میری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
Comments are closed.