جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کانگریس کی ترجیح: راہل گاندھی
سری نگر، 22 اگست
لوک سبھا میں اپویشن لیڈر اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کو کہا کہ جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کانگریس اور انڈیا بلاک کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ہماری پارٹی کا مقصد ہے کہ جموں وکشمیر اور لداخ کے لوگوں کو ان کے جمہوری حقوق واپس ملیں’۔
موصوف اپوزیشن لیڈر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی جلد سے جلد بحالی ہماری اور انڈیا بلاک کی ترجیحات میں شامل ہے، ہم امید کرتے تھے کہ ایسا الیکشن کے انعقاد سے پہلے کیا جائے گا خیر اب ٹھیک ہے کہ الیکشن کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘یہ بھی ایک خوش آئند قدم ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ریاستی درجے کو بھی جلد ہی بحال کیا جائے گا اور جموں وکشمیر کے لوگوں کے جمہوری حقوق کو بھی جلد بحال کیا جائے گا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ایک ریاست کو یونین ٹریٹری میں تبدیل کیا گیا ہے، اس سے قبل ایسا کبھی نہیں ہوا ہے’۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ یونین ٹریٹریوں کو ریاستوں میں تبدیل کیا گیا ہے لیکن ایک ریاست کو یونین ٹریٹری میں پہلی بار تبدیل کیا گیا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘ہم نے اپنے قومی منشور میں بھی واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو ان کے جمہوری حقوق واپس دلانا ہماری ترجیح ہے’۔
قبل ازیں انہوں نے پارٹی صدر ملک ارجن کھرگے کے ساتھ پارٹی کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کی۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں ایک دہائی کے طویل وقفے کے بعد اسمبلی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔
تین مرحلوں پر محیط ان انتخابات کا پہلا مرحلہ 18 ستمبر کو منعقد ہوگا جس کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے نوٹیفکیشن بھی جاری کی ہے۔
Comments are closed.