جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات: گنتی مراکز کے ارد گرد تین دائروں والی سیکورٹی کی تعیناتی

سری نگر، 6 اکتوبر

جموں و کشمیر میں منگل کو ووٹوں کی گنتی کے لیے تمام ضلعی ہیڈکواٹرز پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ گنتی مراکز کے اردگرد تین دائروں والی سیکورٹی کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سے وابستہ سینئر آفیسران نے ایس کے آئی سی سی کا دورہ کیا اور وہاں پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران آفیسران نے کاونٹنگ سینٹروں اور اس کے آس پاس کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ کاﺅنٹنگ کے عمل کو آسان اور منظم بنایا جاسکے۔آفیسران نے شفافیت، درستگی اور گنتی کے نتائج کے بروقت اعلان کو یقینی بنانے کے لئے نگرانی اور حفاظتی اقدامات، بیٹھنے کے اِنتظامات، اِی وِی ایم کی ٹرانسپورٹیشن اور کاﺅنٹنگ ہال میں تکنیکی سیٹ اپ کو بھی حتمی شکل دی۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 8اکتوبر کو ہوگا جس کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔جموں و کشمیر کو یونین ٹیریٹری بنائے جانے کے بعد پہلی بار ہونے والے انتخابات میں 63.45 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

Comments are closed.