موسم سرما کے پیش نظر تمام تر وسائل کو متحرک و تیار رکھیں/محکمہ صحت کشمیر کی میڈیکل افسروں کو ہدایت
سری نگر،22 اکتوبر
محکمہ ہیلتھ سروسز کشمیر نے موسم سرما کے پیش نظر محکمے کے تمام میڈیکل افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مریضوں کی سہولیات کے لئے تمام تر وسائل کو پہلے سے متحرک و تیار رکھیں۔میڈیکل افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرحدی و دیگر دور افتادہ علاقوں میں ادویات و دیگر طبی سہولیات کے موثر انتظام و انصرام کو یقینی بنائیں۔افسروں کو یہ ہدایات ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر کی طرف سے جاری ایک سرکیولر کے ذریعے دی گئی ہیں۔سرکیولر میں کہا گیا: ’تمام چیف میڈیکل افسروں، میڈیکل سپرانٹنڈنٹس، بلاک میڈیکل افسروں کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ کشمیر میں موسم سرما کے پہلے ہی شروع ہونے کے پیش نظر تمام وسائل کو متحرک و تیار رکھیں‘۔مذکورہ افسروں سے کہا گیا ہے کہ وہ وادی بھر کے سرکاری طبی مراکز میں ڈاکٹروں، دیگر طبی عملے، وافر مقدار میں ادویات کی دستیابی اور ایمبولینسز کی تیاری و دیگر تیاریوں کو یقینی بنائیں تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی پریشنانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں خاص طور پر برف باری جب سڑکیں بند ہوتی ہیں، کے دوران دوسرے ہسپتالوں کو ریفر نہ کیا جائے۔سرکیولر میں کہا گیا: ’افسروں کو یہ ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ وہ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے پہلے جاری کئے گئے سرکیولر میں دی گئی ہدایات کو من و عن عمل میں لائیں۔افسروں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سرحدی علاقوں اور ان علاقوں جہاں برف باری کے دوران جانا مشکل ہوتا ہے، میں وافر ادویات، ایمرجنسی میں ضرورت پڑنے والے ادویات، آکسیجن سلنڈروں کو دستیاب رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے نیز ان علاقوں میں اضافی عملے کو تعینات کریں۔سرکیولر میں افسروں سے کہا گیا کہ وہ گرمی کے لئے دیگر انتطامات جیسے کھڑکیوں اور دروازوں پر پردے ڈالیں اور جہاں ضرورت پڑے وہاں کھڑکیوں کو پالیتیھن سے بند کریں۔
Comments are closed.