موسلا دھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال، ہندواڑہ میں پل کو نقصان

سرینگر، 20 اپریل
وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے دریاوں اور دیگر ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ہندواڑہ میں بارشوں کی وجہ سے پل کو نقصان پہنچا۔

وادی میں گذشتہ تین دنوں سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نہ صرف یہاں کے دریاوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو چھو رہی ہے وہیں شہر و گام کی سڑکیں اور گلی کوچے بھی زیر آب ہیں جس سے لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا از بس محال ہو گیا ہے۔

فلڈ کنٹرول محکمہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق جمعرات ایک بجے سنگم میں پانی کی سطح 13.89سے تجاوز کر گئی تھی ، پانپور میں 3.70، رام منشی باغ سری نگر میں جہلم کی سطح آب 15.69تھی جو خطرے کے نشان سے آدھی فٹ کم تھی۔وادی کے دیگر ندی نالے بھی پانی سے لبالب بھرے ہوئے ہیں۔نالہ ویشیو میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو چھو رہی ہے جس وجہ سے آس پاس رہائش پذیر لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

وادی میں تازہ برف باری اور موسلا دھا ربارشوں سے سردی میں اضافہ درج ہوا ہے جس نے لوگوں کو گرم لباس ایک بار پھر زیب تن کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ دریں اثنا لنگیٹ ہندواڑہ میں موسلا دھار بارشوں کے وجہ سے ایک اہم پل کو نقصان پہنچا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ داند کدل میں دارڑیں پڑنے سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے پل کو لوگوں کی نقل وحمل کے لئے بند کردیا ہے جس وجہ سے بیس گاوں کے لوگ کٹ کر رہ گئے ہیں۔علاوہ ازیں فلڈ کنٹرول محکمہ کا کہنا ہے کہ گر چہ ندی نالوں میں پانی کی سطح کافی بلند ہے تاہم کسی بھی علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا نہیں ہوئی ہے۔ان کے مطابق محکمہ کے اہلکار چوبیس گھنٹے دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں پر نظر بنائے رکھے ہوئے ہیں۔یو این آئی

Comments are closed.