مغل دربار ہوٹل میں کام کرنے والے دو ملازمین دم گھٹنے سے جاں بحق

اونتی پورہ میں ٹریکٹر ٹرولی کی زد میں آکر جواں سال نوجوان ہلاک 


سرینگر؍08 دسمبر: مغل دربار ہوٹل سرینگر میں کام کرنے والے 2ملازمین کی پُر اسرار طورپر موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ ادھر اونتی پورہ میں ٹریکٹر ٹرولی کی زد میں آکر نوجوان کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی ۔ جے کے این ایس کے مطابق مغل دربار سرینگر کے ہوٹل میں کام کرنے والے دو ملازمین نے سونے سے قبل گیس ہیٹر کا استعمال کیا اور صبح جونہی انہیں بلانے کیلئے دوسرے ملازمین گئے تو اُن کے پیروں تلے اُس وقت زمین کھسک گئی جب انہوں نے کمرے میں موجود دو ملازمین کو بے ہوش پایا اور انہیں فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیاتاہم ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔ مہلوکین کی شناخت محمد اقبال ڈار ولد قیوم احمد ساکنہ بارہ مولہ اور محمد یوسف چوپان ولد غلام محمد ساکنہ کنزر ٹنگمرگ کے بطور ہوئی ہے۔ ابتدائی طورپر معلوم ہوا ہے کہ سونے سے قبل ملازمین نے کمرے میں گیس ہیٹر کا استعمال کیا اور دم گھٹنے کے باعث دونوں کی موت واقع ہوئی ہے ۔ تاہم پولیس کے مطابق اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ ادھر اونتی پورہ میں اُس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ٹریکٹر ٹرولی کی زد میں آکر 22سالہ نوجوان کی موت واقع ہوئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق روف احمد وانی ولد نذیر احمد ساکنہ رتنی پورہ ارگیشن کنال میں ٹریکٹر ٹرولی کی زد میں آکر موقعے پر ہی ہلاک ہوا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ 

Comments are closed.