مرکزی ملازمین کے مہنگائی الاونس میں چار فیصد اضافہ ہوا

نئی دہلی، 18 اکتوبر

حکومت نے مرکزی ملازمین کے مہنگائی الاونس اور پنشنروں کو مہنگائی ریلیف میں چار فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو یہاں منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز سے متعلق فیصلہ کیا گیا۔

اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ قیمتوں میں اضافے سے نمٹنے کے لیے مرکزی ملازمین کے مہنگائی الاو¿نس اور پنشنرز کی پنشن ریلیف میں چار فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

اس کی وجہ سے مرکزی ملازمین کا مہنگائی الاونس 42 فیصد سے بڑھ کر 46 فیصد ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اضافہ ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر منظور شدہ فارمولے کے مطابق کیا گیا ہے۔مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ اس اضافے سے سرکاری خزانے پر ہر سال 12857 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔ اس سے 48.67 لاکھ مرکزی ملازمین اور 67.95 لاکھ پنشنرز کو فائدہ ہوگا۔یو این آئی

Comments are closed.