مرکزی سرکار ریاستی درجے کی بحالی کے وعدے کو پورا کرے: طارق قرہ

جموں، 25 نومبر

جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق قرہ نے پیر کے روز مرکزی سرکار سے زور دے کر کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے ریاستی درجے اور آئینی ضمانتوں کی بحالی کے اپنے وعدے کو پورا کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ الیکشن کے بعد ریاستی درجے کا ایک روڈ میپ دیا جائے گا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘کانگریس کا یہ اصولی موقف اور ہم نے الیکشن سے پہلے بھی الیکشن کے دوران بھی الیکشن کے بعد بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ جو بی جے پی سرکار نے سال2019 میں ہم سے ہمارا حق اور آئینی ضمانتوں کو چھینا ان کو بحال کیا جائے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘سرکار نے ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ پارلیمنٹ میں بھی کیا، پارلیمنٹ کے باہر بھی کیا اور سری نگر کی سر زمین سے بھی یہ وعدہ کیا گیا لیکن اب تک اس وعدے کو پورا نہیں کیا گیا’۔
مسٹر قرہ نے کہا: آج 25 نومبر کو پارلیمنٹ کا سیشن شروع ہوا لہذا ہم ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو یہ وعدہ یاد دلانا چاہتے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘ہم چاہتے تھے کہ الیکشن سے پہلے ریاستی درجہ ہی بحال کیا جائے لیکن ایسا نہیں کیا گیا پھر الیکشن کے بعد ہم سمجھتے تھے کہ ریاستی درجے کے متعلق ایک روڈ میپ دیا جائے گا لیکن وہ نہیں دیا گیا’۔
ان کا کہنا تھا کہ سری نگر کی سرزمین سے بھی یہ وعدہ کیا گیا لیکن اب تہ وہ وعدہ جملہ ہی ثابت ہوا۔

Comments are closed.