مرکزی داخلہ سیکرٹری نے اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سلامتی صورتحال اور شری امر ناتھ جی یاترا کے دیگر انتظامات کا جائیزہ لیا
جموں : مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلا نے آج یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران شری امر ناتھ جی یاترا 2020 کے احسن انعقاد کیلئے کئے جا رہے سلامتی اوردیگر انتظامات کا تفصیل سے جائیزہ لیا ۔
میٹنگ میں لفٹینٹ گورنر کے مشیروں بصیر احمد خان اور آر آر بٹھناگر نے بھی شرکت کی ۔
اس میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جے اینڈ کے ، فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ ، سی ای او شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ ، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی جے اینڈ کے ، آئی جی پی جموں ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، آئی جی پی کشمیر کے علاوہ سی آر پی ایف اور فوج کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔
میٹنگ کے انعقاد ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سے کیا گیا ۔
اس موقعہ پر سلامتی انتظامات ، ٹیلی کام رابطے ، ڈیساسٹر منیجمنٹ ، صحت ، بجلی ، پانی اور موسم کی پیش گوئی جیسے کئی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
مرکزی داخلہ سیکرٹری نے بہتر انتظامات کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کے مابین موثر تال میل کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام انتظامات کو وقت سے پہلے ہی حتمی شکل دی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس تعلق سے مرکزی وزارت داخلہ ایل جی انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔
لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے اس موقعہ پر یاترا کے احسن انعقاد کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یاتریوں کو تمام روٹوں پر مزید سہولیات بہم کی جائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پیشگی میں طبی عملے کو یاترا ڈیوٹی پر لگایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے راستوں پر سے برف ہٹانے کا کام وقت پر مکمل کیا جائے گا اور یہ معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو شبانہ ہیلی کاپٹر سروس بہم رکھنے کا معاملہ متعلقین کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔
بصیر خان نے یاتریوں کی رجسٹریشن اور دیگر معاملات کو آسان بنانے کیلئے اختیار کی جانے والی حکمتِ عملی کے مختلف گوشوں کو بھی اجاگر کیا ۔ اس موقعہ پر یاتریوں کیلئے موثر ٹریفک نظام کو اختیار کرنے پر بھی زور دیا گیا ۔
لفٹینٹ گورنرکے ایک اور مشیرآر آر بٹھناگر نے اس موقعہ پر کہا کہ ایل جی انتظامیہ یاترا کے احسن انعقاد کیلئے تمام لازمی اقدامات کر رہی ہے ۔
مشیر موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ یاترا شروع ہونے سے پہلے ہی تمام انتظامات مکمل کئے جائیں گے ۔
Comments are closed.