قاضی گنڈ میں ٹرین سے آگ نمودار، تمام مسافر محفوظ :حکام
سری نگر، 25 جنوری
وادی کشمیر میں جمعرات کی دوپہر بڈگام کو بانہال سے جوڑنے والی ٹرین میں قاضی گنڈ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک دو ڈبوں سے آگ نمودار ہوئی تاہم بعد ازاں آگ پر قابو پایا گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق آگ کی اس واردات میں کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر کو قاضی گنڈ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ٹرین کے دو ڈبوں سے آگ کے شعلے بلند ہوئے جس کے نتیجے میں مسافروں میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ ریلوے اسٹیشن پر موجود ریلوے حکام اور فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکاروں نے فوری طورپر ریل گاڑی میں سوار مسافروں کو نیچے اتارکر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ذرائع نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔دریں اثنا سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قاضی گنڈ کے نزدیک ٹرین نمبر 09769 کے انجن کو آگ لگ گئی۔
انہوں نے کہا کہ آگ نمودار ہونے کے بعد فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ان کے مطابق ٹرین کے انجن سے آگ نمودار ہوئی تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرین سے آگ نمودار ہونے کی وجوہات جاننے کی خاطر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔یو این آئی
Comments are closed.