فاروق عبداللہ کا وزیر اعظم مودی کو مکتوب، کشمیر میں فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات بحال کرنے کا مطالبہ

سرینگر: سابق وزیر اعلیٰ جموں کشمیر اور نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام وادی کشمیر میں فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات کی فوری بحالی کے لئے ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہوںنے کہا ہے کہ کوروناوائرس کے پھیلائو کے خطرات کے پیش نظر جموں کشمیر میں فور جی انٹرنیٹ کی سہولیات دستیاب ہوناناگزیر بن گیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق نیشنل کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وزیر اعظم ہند نریندر دامودر مودی کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں انہوںنے مطالبہ کیا ہے کہ وادی کشمیر میں فور جی انٹرنیٹ کو فوری طور پر بحال کیا جاناچاہئے ۔ واضح رہے کہ وادی میں سال گذشتہ کے پانچ اگست سے فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات مسلسل معطل ہیں۔موصوف رکن پارلیمان نے وزیر اعظم کے نام خط میں لکھا ہے کہ کشمیرمیں کورونا وائرس کا ایک مثبت کیس سامنے آنے کے پیش نظر انتظامیہ نے وادی کو لاک ڈاؤن کیا ہے جس سے طلبا اور تجار مزید مشکلات سے دوچار ہوں گے۔

Comments are closed.