سرینگر/20نومبر: نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عید میلادالنبیﷺ کی مقدس اور بابرکت تقریب پر اہل اسلام خصوصاً ریاست کے فرزندانِ توحید کو مبارکباد پیش کیا ۔ سی این آئی کو موصولہ بیان کے مطابق ڈاکٹر عبد اللہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے اپنے رسولﷺ کی سیرت طیبہ کو روز قیامت تک آنی والی ہر نسل کیلئے نمونہ عمل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ،کہ غیر مسلم ومسلم دانشوروں نے اِس حقیقت کا اعتراف کیا ہے،کہ فقید المثال انسان کامل ہونے کا درجہ آنحضرتﷺ کو حاصل رہا ہے کیونکہ حضور پر نورﷺ کی سیرت مبارکہ اخلاق حسنہ کا بے مثال وبہترین نمونہ رہی ہے۔ آپ ﷺ نے دنیا سے جہالت ، گمراہی، دختر کشی اور اونچ نیچ اور گورے کالے جیسے تفرقات اور بدعتوں کا خاتمہ کردیا اور دعوت تبلیغ کا سلسلہ جاری کیا۔ ڈاکٹر صاحب نے اپنے پیغام میں کہا ،کہ جب ساری دنیا بدعملی میں مبتلا تھی، انسانیت کا نام ونشان مٹ چکا تھا، تو حضورﷺ نے معلم اخلاق وحکمت ، عظیم معمار سیرت وکردار بن کر سارے عرب اور پوری دنیا میں انسانی قدروں کو قدر ومنزلت بخشی۔ اور اِس طرح کا حیر انگیز خوشگوار انقلاب رونما ہوا، جس کے نتیجے میں انسان اپنے انسانی وجود سے آشنا ہوا اور انسانیت کھل اٹھی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے عید میلادالنبیﷺ کی تقریب سعید پر مسلمانانِ عالم خصوصاً ریاست کے فرزندانِ توحید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم غلامِِ محمدﷺ ہیں جن کی بدولت کائنات میں انسانیت، حق پرستی اور انصاف و مساوات کا راج نافذ ہوا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ،معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے بھی برادرانِ ملت کو اِس عظیم دن پر مبارک باد پیش کی ہے۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.