ایک پرچے کیلئے عبید کا امتحان الگ سے لیا جائے ،افراد خانہ کی بورڈ حکام سے اپیل
سرینگر /یکم نومبر :چترا گام شوپیان میں بھائی کے بدلے گرفتار کئے گئے12ویں جماعت کے طالب علم کو رہا کیا گیا ہے ۔ اسی دوران افراد خانہ نے بورڈ حکام سے اپیل کی ہے کہ عبید دوران حراست جس پرچے کا امتحان دینے سے رہ گیا ہے انہیں اس پرچے کا علیحدہ سے امتحان منعقدکرایا جائے ۔ کے پی ایس کے مطابق گزشتہ روز شوپیان پولیس سے چھاپہ مار کارروائی کے دوران چتر گام علاقے میں بھائی کے بدلے بھائی کی گرفتاری عمل میں لائی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 16سالہ عبید احمد بٹ ولد نظیر احمد بٹ ساکنہ مولہ چتراگام جو کہ بارہویں جماعت کا طالب علم ہے کو پولیس نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد وہ بدھ کو منعقد ہونے والے امتحانی پرچے میں شامل ہونے سے قاصر رہ گیا تھا ۔ اسی دوران عبید کے لواحقین نے انتظامیہ سے اپیل کی تھی کہ ان کے بیٹے کو رہا کیا جائے تاکہ وہ امتحان میں شمولیت کرسکے ۔بتایا جاتا ہے کہ لواحقین کی اپیل کے بعد بدھ کی رات قریب 11بجے طالب علم کو رہا کیا گیا تاہم دن بھر حراست میں رہنے کے نتیجے میں وہ ایک پرچے کا امتحان دینے سے رہ گیا ۔ اسی دوران رہائی کے بعد لواحقین نے بورڈ حکام سے اپیل کی ہے کہ عبید جس پرچے کا امتحان دینے سے رہ گیا ہے اسکا دوبارہ امتحان لینے کیلئے اقدامات اٹھائیں جائے تاکہ عبید کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جا سکے ۔
Comments are closed.