پیر پنچال کے آر پارموسلا دھار بارشوں اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا
کشمیر شاہراہ مسلسل تیسرے روز ٹریفک کیلئے بند
سرینگر:٢٣،جنوری ؍کے این این ؍ موسلا دھار بارشوں اور برفباری کا سلسلہ بدھ کو پیر پنچال کے آر پار تھم گیا ،جس دوران کئی دنوں کے بعد چلہ کلان میں بدھ کو پہلی مرتبہ سورج کی کرنیں سیاہ بادلوں کو چیر تی ہوئی سر زمین کشمیر سے جا ٹکرائیں ۔ادھر جواہر ٹنل پر ایک بھاری برفانی تودہ گر آنے سے اس کے دونوں ٹیوب بنداور شاہراہ پر کئی مقامات پر پسیاں گرآنے کے سبب بدھ کو مسلسل تیسرے روز بھی ٹریفک کی آوا جاہی بند رہی ۔ادھر بیکن عملے نے افرادی اور جدید مشینر ی کے ساتھ شاہراہ سے برف ہٹانے کا عمل بڑے پیمانے پر شروع کردیا ہے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی بھاری برفباری کی پیش گوئی اگرچہ کافی حد تک ٹائی ٹائی فش ہوگئی ،تاہم خطہ پیر پنچال اور شمال کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہوئی برفباری نے کسی حد تک محکمہ کی لاج بچا دی ۔محکمہ موسمیات نے19سے لیکر24جنوری تک ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیر پنچال کے آر پار بھاری برفباری ہوگئی ۔ تاہم برفباری بالائی علاقوں تک ہی محدود رہی اور سرینگر سمیت شمال وجنوب کے میدانی علاقوں میں برفباری کم اور بارشیں زیادہ ہوئیں ۔تاہم خطہ پیر پنچال میں ہوئی بھاری برفباری کے نتیجے میں مسلسل تین روز سے وادی کشمیر کا زمینی رابط منقطع ہے ،کیونکہ کشمیر سرینگر۔جموں شاہراہ بدھ کو مسلسل تیسرے روز ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بندرہی۔ مذکورہ شاہراہ کو جواہر ٹنل علاقے میں بھاری برفباری اور رام بن علاقے میں پسیاں گر آنے کے بعد بند کیا گیا ہے۔ٹریفک حکام کے مطابق اس شاہراہ کو مسافروں کے تحفظ کیلئے بند کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق جواہر ٹنل پر ایک بھاری برفانی تودہ گر آنے سے اس کے دونوں ٹیوب بند ہوئے ہیں اور یہاں ابھی برف پوری طرح نہیں ہٹائی گئی ہے کیونکہ منگل کو دن بھر یہاں موسم خراب رہا۔حکام نے کہا کہ فورسز اہلکار اور دیگر عملہ اس برفبانی تودے کے نتیجے آنے سے بال بال بچ گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ پر ڈگڈول، پنتھال اور خونی نالہ پر پسیاں بھی گر آئی ہیں جن کی بدولت بھی ٹریفک کی نقل و حمل ممکن نہیں ہے۔اس دوران شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام بڑے پیمانے پر شروع کیا گیا ۔بیکن حکام کے مطابق شاہراہ سے برف اور پیدا شدہ رکاوٹیں ہٹانے کا عمل شروع کیا گیا اور اس مقصد کیلئے افرادی قوت کے ساتھ ساتھ جدید مشینری کو بروئے کار لایا جارہا ہے ۔ایس پی پولیس ٹریفک ہائی وے پردیپ سنگھ سین نے بتایا کہ برف اور رکاوٹوں کو ہٹانے کے بعد جونہی بیکن حکام سے ہری جھنڈی ملے گی شاہراہ پر دو بارہ ٹریفک کی آوا جاہی بحال کردی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ سہ پہر کے بعد شاہراہ پر ٹریفک بحال ہوگا ۔تاہم سب سے پہل شاہراہ پر در ماندہ گاڑیوں کو ہی منزل مقصود کی جانب جانے کی اجازت دے گی ۔معلوم ہوا ہے کہ جواہر ٹنل کے آر پار سیکڑوں گاڑیاں جن میں ٹرکیں بھی شامل ہیں ،جگہ جگہ در ماندہ ہو کر رہ گئیں ۔اس دوران اثناء محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم میں خوشگوار تبدیلی ممکن ہے۔
Comments are closed.