سٹیٹ ہڈ کی بحالی سے ہی سب کچھ ٹھیک ہو گا : وزیر ستیش شرما
سری نگر2 فروری
یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے وزیر ستیش شرما نے اتوار کے روز کہاکہ ریاستی درجے کی بحالی کا یہاں کے لوگ بے صبری کے ساتھ انتظا ر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر بھارت کا تاج ہے اور اس تاج کو ترجیح دینا بنتا ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف وزیر نے سونہ مرگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ سونہ مرگ میں ونٹر سپورٹس کھیلوں کو بڑھاوا دینے کی خاطر سرکار زمینی سطح پر کام کر رہی ہے۔
یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے وزیر کا کہنا تھا کہ سونہ مرگ کو دنیا کے بہترین سیاحتی مقام کے طورپر ترقی دی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے دہلی میں مرکزی وزراءکے ساتھ ملاقاتیں کیں جس دوران انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی سرکار کو ہر سطح پر تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ریاستی درجے کی بحالی کے بارے میں وزیر موصوف نے کہا:’جموں وکشمیر کے لوگ سٹیٹ ہڈ کی بحالی کا بے صبری کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں۔‘ انہوں نے کہاکہ ریاستی درجہ بحال کرنے سے ہی سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔
رہبر کھیل ملازمین کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ستیش شرما نے کہاکہ اس حوالے سے دہلی سے بات کریں گے۔انہوں نے کہاکہ دہلی نے ہم سے جو چھینا ہے ہم اس کی بحالی چاہتے ہیں ۔ ان کے مطابق موجودہ سرکار نے عوام سے جتنے بھی وعدئے کئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
Comments are closed.