سنگرونی پلوامہ سیاحوں کیلئے توجہ کا نیا مرکز ، سیاحوں کی بڑی تعداد قدرتی نظاروں سے لطف اندوز

علاقہ کو سال رواں کے آخر تک سیاحتی نقشے پر لایا جائیگا، تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے / ناظم سیاحت کشمیر

اعجاز رشید ڈار

پلوامہ/

/جنوبی ضلع پلوامہ کا سنگرونی علاقے ان دنوں سیاحوں کیلئے توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور اس ابھرتی سیاحتی مقامات کی جانب بیرون ریاستی سیاح کافی مائل ہو رہے ہیں ۔سال نو کی شروعات کے ساتھ ہی مختلف ریاستیوں سے تعلق رکھنے والے سیاحوں نے علاقہ کا رخ کیا اور وہ وہاں قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو ئے۔ادھر محکمہ سیاحت بھی اس سیاحتی مقام کو ترقی دینے اور سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے پُر عزم ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر وادی میں ان دنوں سرمائی سیاحتی سیز ن عروج پر ہے اور بیرون ریاستوں سے وارد ہونے والی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد جہاں گلمرگ ، پہلگام ، سونہ مرگ اور دیگر علاقوں میں ڈھیرہ جمائے ہوئے ہیں وہیں جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع ہیڈکواٹر سے قریب 25کلو میٹر کی دوری پر واقع سنگرونی علاقہ بھی ان دنوںسیاحوںکی توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔ سال رواں کے افتتاح سے ہی علاقے میں سیاحتی سرگرمیاں بحال ہو چکی ہے اور بیرون ریاستوں سے سیاحوں کی ایک اچھی خاصی تعداد نے علاقہ کا رخ کیا اور وہ وہاں قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو ئے ۔
ریاست مہارشٹریہ کے پونے علاقے سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کے ایک وفد نے جونہی علاقے کا رخ کیا تو وہ قدرتی نظاروں کو دیکھ کر جھوم اٹھے ۔ علاقے کی سیر کرنے کے بعد اپنے تاثرات ظاہر کرتے ہوئے ایک خاتون سیاح نے کہا ” ہم کشمیر آئے ور ہمیں پلوامہ کے سنگرونی علاقے میں ایک نیا سیاحتی علاقہ دیکھنے کو ملا“ ۔ انہوں نے کہا کہ سنگرونی کے لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا ہے جبکہ انہیں معروف ”کشمیری نون چان “پلائی جس سے وہ کافی لطف اندوز ہو گئے ہیں ۔ان کے ہمراہ ایک اور سیاح نے کہا ”علاقہ کافی اچھا ہے لیکن اس کو مزید جذب نظر بنانے کی ضرورت ہے “ ۔
سیاحوں کیلئے توجہ بننے والی نئی سیاحتی جگہ کے رہائشی بھی اس بات کو لیکر خوش ہے کہ علاقے میں سیاحتی سرگرمیاں بحال ہوئی ہے ۔ ایک مقامی باشندہ نے تعمیل ارشاد کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا ” ہم انتہائی خوش ہے کہ علاقے میں سیاحتی سرگرمیاں بحال ہوئی ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ علاقہ کی جانب توجہ دی جائے تاکہ اس کو کشمیر کی ایک خوبصورت سیاحتی جگہ بنایا جائے جس سے علاقہ میں روز گار کے مواقع پیدا ہو سکے“ ۔
ادھراس ضمن میں جب تعمیل ارشاد نے ناظم سیاحت کشمیر فضل الحسیب سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ سال رواں کے آخر تک علاقہ کو مکمل طور پر سیاحتی نقشہ پر لایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا ” وہاں بنیادی ضروریات ہونگی ان کو کیا جائے گا ۔ ساتھ ہی کہا کہ اس علاقہ کو جذب نظر بنانے کیلئے جو بھی اقدامات اٹھانے ہونگے ان کو اٹھایا جائے گا ۔ ناظم سیاحت نے مزید کہا کہ سال رواں کے آخر تک علاقہ کو مکمل طور پر سیاحتی نقشے پر لایا جائے گا ۔

Comments are closed.