سمبل سوناواری میں دریائے جہلم پر فٹ برج کی تعمیر 10سالوں سے تشنہ تکمیل ، لوگ پریشان
سرینگر /17اپریل / شفق سمبلی
سمبل سوناواری علاقے میں دریائے جہلم پر ایک اہم فٹ برج کی تعمیر 10سال سے زیادہ عرصے سے التواءکا شکار ہے۔ کئی علاقوں کو جوڑنے کیلئے سال 2014میں شروع کیے گئے اس منصوبے کو نئے ٹینڈرز کی ضرورت کی وجہ سے مزید تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نمائندے نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے رکے ہوئے پروجیکٹ پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور حکام اور ٹھیکہ داروں دونوں کو تاخیر کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔
نمائندے نے بتایا کہ فٹ برج کی غیر موجودگی نے مقامی آبادی کو بری طرح متاثر کیا ہے، جو دریا کے اس پار نقل و حمل کیلئے کشتیوں پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔ ادھر ٹریڈرس فیڈریشن سمبل کے صدر اور سوناواری سٹیزن کونسل کے چیئرمین نذیر احمد راشدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سمبل کے علاقے کے عوام کو گزشتہ 10 سال سے دریائے جہلم پر ایک اہم فٹ برج کی تعمیر کے نامکمل ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
فٹ برج کی کی عدم دستیابی پر طالب علم کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ اپنے سکولوں، کام کی جگہوں تک پہنچنے اور مرکزی بازار سے جڑنے کیلئے دریا کے اس پار خطرناک کشتیوں کی سواری کریں۔اس سے ان کی زندگیوں کو مستقل خطرہ لاحق رہتا ہے، خاص طور پر خراب موسمی حالات میں۔ حکام کو بار بار کی اپیلوں کے باوجود پل کی تعمیر بدستور تعطل کا شکار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ دریا کو عبور کرنے کیلئے مچھلیاں پکڑنے والی کشتیاں لینے پر مجبور ہیں جس سے حادثات کا خطرہ ہے۔مقامی لوگ اب حکومت سے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فوری مداخلت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
Comments are closed.