سرینگر میں 10 منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج: پولیس
سری نگر، یکم دسمبر
منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سری نگر میں 10 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سری نگر پولیس کے تیار کردہ ڈوزیئر کی بنیاد پر صوبائی کمشنر کشمیر سے نظر بندی کے باضابطہ احکامات حاصل کرنے کے بعد پولیس نے10 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی – این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
بیان میں ان منشیات فروشوں کی شناخت رضوان بشیر دھوبی ولد بشیر احمد دھوبی ساکن سیکہ ڈافر صفاکدل (موجودہ گرڈ کالونی سری نگر)، پرویز احمد بٹ ولد نور محمد بٹ ساکن کرنابل تکنواری پورہ سری نگر، اویس حسین میر ولد سجاد حسین میر ساکن ٹنگہ باغ نائوپورہ، ندیم حسین بٹ ولد مشتاق احمد بٹ ساکن بٹوارہ سری نگر، شیخ جبران نثار ولد نثار احمد شیخ ساکن بٹوارہ سری نگر، رقیب لطیف بٹ عرف عامر ولد محمد لطیف بٹ ساکن بٹ محلہ آلوچی باغ سری نگر، عبدالاحد بٹ ولد محمد سلطان بٹ ساکن بنہ پورہ بٹہ مالو سری نگر، معین خان عرف معین ولد غلام حسن خان عرف ماما ساکن ٹینگ پورہ بائی پاس سری نگر، سجاد احمد بیگ عرف بویا ولد مرحوم عبدالحمید بیگ ساکن مدینہ کالونی آلوچی باغ سیکٹر بی اور ارشد احمد میر ولد نذیر احمد میر ساکن باغی جوگی لنکر رعناواری کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان منشیات فروشوں کو بعد میں سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں اور اودھم پور، بھدرواہ اور کٹھوعہ کے ضلعی جیلوں میں بند رکھا گیا۔
بیان کے مطابق یہ منشیات فروش خطرناک پیمانے پر سری نگر کے نوجوانوں میں منشیات کی فروخت میں ملوث ہیں اور علاوہ ازیں وہ سری نگر کے مختلف تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے کئی مقدمات میں بھی ملوث تھے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات درج ہونے کے باوجود ان منشیات فروشوں نے عدالتوں سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد بھی اپنی راہیں نہیں سدھریں اور اپنے غیر قانونی منشیات کے نیٹ ورک کے ذریعے وادی بالخصوص سری نگر کے نوجوانوں میں ڈھٹائی سے منشیات کو فروغ دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے پی آئی ٹی – این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت ان کی جائیدادوں کو قرق کرنے کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔
Comments are closed.