سرینگر میں منشیات اسمگلروں سے منسلک 100 سے زیادہ بینک کھاتے منجمد/ پولیس

سرینگر /12جنوری /

ضلع پولیس سرینگر کا کہنا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ کے متعدد معاملوں میں مالی تحقیقات تیز کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں منشیات کے اسمگلروں سے منسلک 100 سے زیادہ بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ان کھاتوں میں اجتماعی طور پر کئی لاکھ روپے کی رقم جمع ہے۔

پولیس نے کہا کہ ان کھاتوں سے منسلک تمام لین دین کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ غیر قانونی رقوم کے بہاو¿ کا پتہ لگایا جا سکے۔پولیس ترجمان نے کہا ” ان اکھاتوں کو منجمد کرنے سے منشیات کی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے ذریعے استعمال ہونے والے مالی وسائل تک رسائی کو موثر طریقے سے روک دیا گیا ہے“۔انہوں نے کہا کہ ان اکاو¿نٹس رکھنے والے افراد کو ضلع سرینگر میں نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت درج مقدمات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ گرفتار کیے گئے افراد منشیات اور سائیکو ٹراپک مادوں کی اسمگلنگ میں ملوث تھے، جو کمیونٹی بالخصوص نوجوانوں کے لیے ایک اہم خطرہ ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق ”این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کی گئی جامع تحقیقات کے نتیجے میں ان بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا گیا ہے جن میں کافی رقم موجود ہے، جس کی پہلی نظر میں غیر قانونی منشیات کی تجارت سے ہونے والی رقم کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کروڑوں روپے مالیت کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں، ان غیر قانونی سرگرمیوں کے ذریعے حاصل کیے گئے، قابل اطلاق قانونی کے تحت منسلک کیے گئے ہیں“۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68Fکے تحت حرکت میں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کی لعنت سے نمٹنے کے اپنے عزم میں ثابت قدم ہے۔پولیس عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ منشیات کی فروخت یا منشیات کے استعمال سے متعلق کوئی بھی معلومات فراہم کرکے اس لڑائی میں ہاتھ بٹائیں۔ عوام سے درخواست ہے کہ وہ اپنے قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں یا منشیات سے متعلق مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے کے لیے 112 پر ڈائل کریں۔ “

Comments are closed.