سرینگر سمارٹ سٹی گھوٹالہ: غیر معیاری مواد استعمال کرنے پر دو پی سی درج :اے سی بی

سری نگر14جنوری

جموں وکشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے سری نگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شاہراوں کی مرمت اور زبیائش و آرائش کے دوران غیر معیاری مواد استعمال کرنے کی شکایت کے بعد دو ابتدائی رپورٹ درج کیں ہیں۔

بتادیں کہ اے سی بی نے غیر متناسب دولت جمع کرنے کی پادائش میں پہلے ہی سمارٹ سٹی لمٹیڈ میں تعینات دو سینئر آفیسران کے خلاف کیس درج کرکے ان کے گھروں کو کھنگالا ۔

اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے سری نگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شاہراوں کی مرمت کے دوران کئی علاقوں میں غیر معیاری مواد جس میں ’دیور پتھر، پاتھ ٹائلز ، لوہے کی گرلز وغیرہ کا استعمال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس بات کا شبہ ہے کہ سری نگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ پروجیکٹ کے تحت شاہراوں کی زبیائش و آرائش کے دوران مواد کی یا تو توضیح نہیں کی گئی ہے یا مبینہ طور پر اس کو مارکیٹ میں ذاتی فوائد کے لیے فروخت کیا گیا ہے۔

اے سی بی ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن بیورو نے اس معاملے میں 1/25کے تحت ابتدائی رپورٹ درج کی ہے۔

اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق فورشور روڈ نشاط میں جاری تعمیراتی کام کے دوران غیر معیاری مواد استعمال کرنے کی شکایت موصول ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جھیل ڈل کے پاتھ جس کو سائیکل چلانے والوں کے لئے مخصوص رکھا گیا اس پر بھی غیر معیاری میٹریل استعمال کیا گیا ہے۔

اے سی بی کے مطابق نشاط سے لے کر نسیم باغ پبلک ہییلتھ سینٹر تک تعمیراتی کام کے دوران یہی طرز عمل اپنایا گیا ۔

ان کے مطابق سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے آفیسران و اہلکاروں نے اپنے ذاتی مفاد کی خاطر جان بوجھ کر طریقہ کار سے گریز کیا اور اس طرح سے قواعد و ضوابط کی کھلم کھلا دھجیاں اڑائی گئی۔

انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں اے سی بی نے دوسری ابتدائی رپورٹ زیر نمبر 2/25کے تحت پولیس اسٹیشن اے سی بی بھی درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔

بتادیں کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت سری نگر میں ایک ہزارکروڑ روپیہ کی لاگت سے تعمیراتی کام شروع کئے گئے گر چہ 70فیصد کے قریب کام مکمل ہو چکےہیں تاہم اے سی بی کی جانب سے سینئر عہدیداروں کے خلاف کیس درج کرنے کے بعد اس پروجیکٹ پر ہی سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔

عوامی حلقوں نے اے سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری پیسے کو اینٹھنے والے آفیسران و اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لا کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جانا چاہئے

Comments are closed.