سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک معطل
جموں،20اپریل
سرینگر جموں شاہراہ پر متعدد مقامات پر مٹی کے تودے اور پتھر گر آنے کے واقعات کے پیش نظر شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے حکام کے مطابق شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کی خاطر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا گیا ہے اطلاعات کے مطابق سری نگر جموں قومی شاہراہ پر رام بن کے مقام پر بھاری برکم پتھر اور مٹی کے تودے گر آنے کے نتیجے میں ٹریفک کو فوری طورپر روک دیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ رام بن، بانہال، مہر، ماروگ اور پنتھال کے مقامات پر بادل پھٹنے کی وجہ سے بھاری برکم پتھر نیچے گر آئے ہیں۔
عین شاہدین کے مطابق بادل پھٹنے کی وجہ سے کئی مقامات پر شاہراہ ڈہہ گئی جس وجہ سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ ٹریفک نے عام شہریوں، مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی بہتری اور سڑک کھلنے تک سفر سے گریز کریں۔ اس ضمن میں تازہ ترین معلومات کے لئے متعلقہ حکام سے رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
ٹریفک کنٹرول روم جموں کی ایک اطلاع کے مطابق جب تک موسم میں بہتری نہیں آتی، شاہراہ پر ٹریفک بحال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں تاکہ کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جاسکے۔
Comments are closed.