سال 2024میں 23.5ملین سے زائد سیاحوں نے جموں کشمیر کا دورہ کیا / وزیر اعلیٰ

جموں و کشمیر حکومت نے کہا کہ سیاحت خطے کی معیشت کا ایک اہم ستون بنی ہوئی ہے جو روزگار پیدا کرنے اور مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں نمایاں طور پر حصہ ڈال رہی ہے۔

جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جو سیاحت کے وزیر انچارج بھی ہیںنے اسمبلی کو مطلع کیا کہ سال 2024 میں 23590081سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا، جس سے تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔اسمبلی میں ممبر اسمبلی علی محمد ساگر کے ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ ہوٹل کے عملے، ٹور آپریٹرس، ٹیکسی ڈرائیوروںاور مقامی نوجوانوں کو براہ راست اور بالواسطہ ذریعہ معاش کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت مختلف شعبوں میں بڑے اقتصادی اثرات کو یقینی بنانے کیلئے سیاحت کو وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعلیٰ نے ایڈونچر ٹورازم، ہیریٹیج ٹورازم، یاتریوں کی سیاحت، گالف ٹورازم، ایکو ٹورازم اور ثقافتی سیاحت کو فروغ دے کر سیاحت کو متنوع بنانے کی حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت جموں و کشمیر کے مقامات کی مارکیٹنگ کیلئے قومی اور بین الاقوامی مہم چلا رہا ہے۔

Comments are closed.