سالانہ امر ناتھ یاترا : سینکڑوں سادھو جموں وارد، سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات

جموں،09جون

وادی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا کی سالانہ یاترا کے رسمی آغاز سے20روز قبل ہی سینکڑوں کی تعداد میں سادھو جموں وکشمیر کے سرمائی دارلحکومت جموں پہنچ چکے ہیں۔ انہیں (شردھالوںاور سادھوں کو)جموں کے قدیم رام مندر جموں میں پوجا پاٹ کی محفلوں اور ’بم بم بولے‘ و’ہر ہر مہادیو‘ کے نعرے لگانے میں مصروف دیکھا جاسکتا ہے۔
امسال یاترا کا پہلا قافلہ29جون کوجموں کے یاتری نواسن (بیس کیمپ)سے وادی کشمیر کی طرف روانہ ہوگا۔عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ امسال سالانہ یاترامیں ریکارڈ توڑ یاتریوں کی آمد کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا ’انتظامیہ کی طرف سے یاتریوں کے لئے تمام طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ یاترا ایک پرامن ماحول میں ہوگی۔ اس میں لاکھوں کی تعداد میں یاتری اور سادھو حصہ لیں گے‘۔
رام مندر میں گذشتہ چند دنوں سے مقیم ایک سادھو نے کہا ’میں گذشتہ پچیس برسوں سے مسلسل امرناتھ جی کی یاترا پر آرہا ہوں۔ یہاں کی مقامی انتظامیہ بہت ہی اچھے انتظامات کرتی ہے۔ ہمیں کسی سے کوئی ڈر نہیں لگتا ہے۔ ہمیں رام مندر پہنچنے پر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ہم بابا برفانی کے دربار میں پہنچ گئے‘۔
ایک خاتون شردھالو نے کہا کہ امرناتھ یاترا پر آنا میرا ایک دیرینہ خواب تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بابا برفانی کے درشن کے لئے پہلی بار یہاں آئی ہوں، بابا برفانی کی یاترا کرنا میرا ایک خواب تھا، یہاں ہمارے لئے ایک سہولیت دستیاب رکھی گئی ہے۔ کسی چیز کی کوئی کمی نہیں ہے۔
بنارس سے تعلق رکھنے والے یاتری مشرا نے کہا کہ وہ 18 ویں بار امرناتھ یاترا پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’یہ اٹھارویں بار ہے کہ جب میں یاترا پر یہاں آیا ہوں۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ ہر گذرتے برس کے ساتھ انتظامات میں غیرمعمولی بہتری آرہی ہے۔ مجھے کبھی کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا‘۔
صوبائی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کی طرف سے یاترا کے لئے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’پورے ملک کا دھیان اس یاترا کی طرف ہے۔ ہم نے اس یاترا کے لئے معقول انتظامات کئے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام سے قریب 40 کلو میٹر دور پہاڑی گھپا میں بھگوان شو سے منسوب برفانی عکس (شیولنگ)کے درشن کے لئے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں شردھالو کشمیر آتے ہیں۔
دریں اثنا سیکورٹی اداروں نے سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں سیکورٹی کے فقیدالمثال انتظامات کئے ہیں۔ یاتریوں کی گاڑیوں پر ٹریکنگ چپ نصب کئے جائیں گے جن کی مدد سے ان کی لوکیشن کا پتہ لگایا جائے گا۔
اس کے علاوہ یاترا راستوں بالخصوص کشمیر شاہراہ پر یاتریوں کے قافلوں کی مصنوعی سیاروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعہ نگرانی کی جائے گی۔ یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کے علاوہ جموں وکشمیر کا گیٹ وے کہلائے جانے والے ’لکھن پور‘ سے لیکر امرناتھ گھپا تک سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ یاترا کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے یاترا روٹوں پر قریب 600 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سالانہ امرناتھ یاترا جموں وکشمیر میں آپسی بھائی چارے کی ایک نشانی ہے۔ انہوں نے بتایا ’ہم نے یاترا راستوں پر ہر ایک جگہ اپنے اہلکار تعینات کردیے ہیں۔
اس کے علاوہ جگہ جگہ پر پولیس ہیلپ لائن نمبرات والے بینرس آویزاں کئے ہیں۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہمیں مقامی لوگوں کا اشتراک حاصل ہے۔ یہ یاترا ہمارے بھائی چارے کی نشانی ہے۔ مجھے امید ہے کہ یاترا خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی‘۔

Comments are closed.