زرعی یونیورسٹی نے برفباری سے متاثرہ باغ مالکان کیلئے مشاورت جاری کی

سری نگر: شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کشمیر نے آج ریاست میں غیر متوقع برفباری سے متاثرہ باغات کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے تاکہ میوئوں کو نقصانات سے بچایا جاسکے۔
ایڈوائزری کے مطابق باغ مالکان سے کہا گیاہے کہ باغات میں نکاسی آب کا خاطر خواہ اِنتظامات کریں اور اگر میوہ درختوں کی ٹہنیاں نیچے کی جانب مڑی ہوئی ہے تو فوری طور سے اس کی شاخ تراشی کی جانی چاہیئے ۔
اُنہیں مزید صلاح دی گئی ہے کہ وہ مناسب شاخ تراشی کے بعد مڑے ہوئے پودوں کو اپنی اصل پوزیشن میں لائیں ۔باغ مالکان ٹوٹی ہوئی ٹہنی کو ٹیڑھے انداز میں کاٹ کر اس پر چوپباٹیاں پیسٹ لگائیں اور اگر پیڑ کی جڑیں نمایاں طور ظاہر ہوئی ہوں تو اُن پر مٹی لگائی جانی چاہیئے۔
باغ مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور سے میوہ پودوں سے میوہ اُتار کر اسے فروخت کریں یا سٹور کریں۔
اسی طرح اُتارے گئے میوئوں پر سے برف ہٹائی جانی چاہیئے اور ا س سے شیڈوں میں جمع کیا جانا چاہیئے تاکہ اسے مزید نقصان نہ ہو سکے۔
ماہرین نے باغ مالکان کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ باغات کی صفائی ستھرائی کی طرف خصوصی توجہ دیں اور باغوں میں پڑے پتے اور ٹہنیوں کو ہٹا کراُنہیں کہیں زمین بوس کریں۔

Comments are closed.