ریاست میں مزید کچھ وقت تک گورنر راج نافذ رہے گا /رام مادھو

پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس اسمبلی الیکشن میں حصہ لینے کے سلسلے میں اپنی پوزیشن واضح کریں

سرینگر؍14 نومبر: بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری نے ریاست میں مزید وقت کیلئے گورنر راج نافذ رہنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہاکہ ریاست کے لوگ گورنر راج سے کافی خوش ہے کیونکہ اُن کے کام تیزی سے نپٹ رہے ہیں۔ جے کے این ایس کے مطابق بی جے پی کے سینئر لیڈر اور قومی جنرل سیکریٹری رام مادھو کا کہنا ہے کہ ریاست میں مزید کچھ وقت کیلئے گورنر راج نافذ رہنے کا امکان ہے کیونکہ گورنر کے دور میں لوگوں کے مسائل حل ہوئے ہیں۔ رام مادھو کے مطابق جب سے ریاست میں گورنر راج نافذ ہوا تینوں خطوں کے لوگ کافی خوش ہے اور لوگوں کے مسائل چند گھنٹوں کے اندر اندر ہی حل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجود ہ گورنر نے لوگوں کو اُن کی دہلیزوں پر انصاف فراہم کرنے کیلئے کام کیا ہے جبکہ مشیر حضرات بھی دن رات لوگوں کی بھلائی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ رام مادھو کے مطابق جہاں تک میری جانکاری ہے تو میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ریاست میں مزید وقت کیلئے گورنر راج نافذ رہے گا۔ رام مادھو نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پر زور دیا ہے کہ وہ الیکشن کے سلسلے میں اپنی پوزیشن واضح کریں کہ انہیں اسمبلی الیکشن میں حصہ لینا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس نے 35اے کو مدعا بنا کر تمام الیکشنوں کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا لہذا انہیں اس سلسلے میں اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں اسمبلی الیکشن ہونگے کیا پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس حصہ لیں گے یا نہیں۔

Comments are closed.