روز نامہ صبح کشمیر کے مدیر اعلیٰ نذیر احمد وانی انتقال کر گئے

سری نگر، 2 مارچ

وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی اور روز نامہ صبح کشمیر کے مدیر اعلیٰ نذیر احمد وانی طویل علالت کے بعد ہفتے کی صبح انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع نے بتایا کہ نذیر احمد وانی نے ہفتے کی صبح یہاں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔وہ طویل عرصے سے صاحب فراش تھے اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ان کا تعلق سری نگر کے پیر باغ علاقے سے تھا۔

دریں اثنا مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات و تنظیموںنے ان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم صحافی کو شریف النفس، خوش اخلاق، مہمان نواز اور غریب پرور قرار دیا اور ان کی جنت نشینی اور لواحقین کے صبر کے لئے بار گاہ ایزدی میں دعا کی۔دریں اثنا نجمن اردو صحافت نے روزنامہ صبح کشمیر کے ایڈیٹر نذیر احمد وانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انجمن کے صدر ریاض احمد ملک نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحومہ نہایت شریف النفس انسان تھے اور ہر ایک کی عزت کرتے تھے۔

Comments are closed.