رواں موسم سرما میں صارفین کو بہتر سے بہتر بجلی سپلائی فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا ری ہے
صارفین محکمہ کی جانب سے رائج کردہ ایمنسٹی اسکیم کا بھر پور فائدہ اٹھائیں /ایم ڈی کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ یاسین ایم چودھری
اعجاز رشید ڈار
سرینگر / رواں موسم سرما میں صارفین کو بہتر سے بہتر بجلی سپلائی فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کا دعویٰ کرتے ہوئے کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر یاسین ایم چودھری ( آئی اے ایس ) نے کہا کہ خراب موسمی صورتحال خاص طور پر برفباری کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ مکمل طور پر تیار ہے ۔ اسی دوران انہوں نے صارفین سے محکمہ کی ایمنسٹی اسکیم کا بھر پور فائدہ اٹھانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی گاہگ اس میں سنجیدہ نہیں ہے تو ان کا بجلی کنکشن منقطع کیا جائیگا ۔ تعمیل ارشاد کے ساتھ ایک خصوصی انٹر ویو میں کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر یاسین ایم چودھری نے کہا کہ رواں موسم سرما میں وادی میں محکمہ بجلی کی طرف سے صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی کی مقدار پچھلے سالوں کے مقابلے زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ صارفین کو بہتر سے بہتر بجلی سپلائی فراہم کی جائے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ڈی سی ایل کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں کے مقابلے میں جو بجلی ہم صارفین کو فراہم کر رہے ہیں وہ بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو بھی یقینی بنا رہے ہیں کہ صارفین کو بجلی کی موثر تقسیم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے دوران صارفین کے نام پر جو لوڈ محکمہ میں درج ہے اس سے کئی زیادہ لوڈ وہ گھروں میں استعمال کیا جاتا ہے جس کو بھی مد نظر رکھنا ضرور ی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں لوڈ میں 11فیصدی اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ اسی دوران انہوں نے صارفین پر زور دیا کہ وہ کروڈ ہیٹر اور بوئلر استعمال نہ کریں اور غیر قانونی ہک کنکشن سے گریز کریں۔موسمی پیشگوئی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں منیجنگ ڈائریکٹر یاسین ایم چودھری نے کہا کہ ہرسال کی طرح امسال بھی موسم سرما اور برفباری کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام اقدامات اٹھائیں گئے جس میں خاص طور پر درختوں کی شاخ تراشی اکتوبر مہینے میں ہی ختم کی جا چکی ہے تاکہ برفباری کے بعد درختوں کی شاخوں سے بجلی کی ترسیلی لائنوں کو کوئی نقصان نہ پہنچ سکے جبکہ اس کے علاوہ پرانے بجلی کے کھمبے جہاں جہاں بھی تھے ان کو تبدیل کر دیا ۔ ساتھ ہی موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ کے ورکشاپوں میں تیاری رکھی گئی ہے جبکہ ٹیمیں تیار رکھی گئی ہے ۔ ایمنسٹی اسکیم کے بارے میں پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ڈی سی ایل نے کہا کہ صارفین جن کا فیس بقایات ہے انہیں آخری موقعہ فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ 12قسطوں میں وہ اپنی بقا یات فیس ادا کریں جس پر انہیں سود کی رقم معاف ہونگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امسال اس اسکیم کے کافی مثبت نتائج سامنے آئیں ہے اور گاہگوں سے ہماری اپیل ہے کہ وہ اس اسکیم کا بھر پور فائدہ اٹھا کر اپنی بقایات فیس ادا کریں بصورت دیگر ان کے بجلی کنکشن منقطع کئے جائیں گے ۔ مختلف حادثات کے دوران لقمہ اجل یا اپاہچ بننے والے بجلی ملازمین کی بازآباد کاری کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک انسانی معاملہ ہے جس کو روکنے کی ضرورت ہے تاکہ ایسے واقعات رونما نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے ۔ یاسین ایم چودھری نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ جو بھی ملازم ترسیلی لائن کی مرمت کیلئے جائیں و ہ تمام احتیاطی تدابیر اٹھائیں تاکہ انسانی جانوں کا زیاں نہ ہو سکے ۔
Comments are closed.