رام بن بادل پھٹنے کا واقعہ: تین افراد کی لاشیں باز یاب چار ہنوز لاپتہ
جموں 28 اگست
جموں وکشمیر کے رام بن ضلع کے راج گڑھ تحصیل میں بادل پھٹنے کے بعد لاپتہ ہوئے سات میں سے ابتک تین افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔
بتادیں کہ پیر کی سہ پہر رام بن کے راج گڑھ تحصیل میں بادل پھٹنے کی وجہ سے رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا جس دوران دو کمسن بچوں سمیت سات افراد لاپتہ ہو گئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق رام بن کے راج گڑھ تحصیل میں مسلسل تیسرے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری رہا۔ معلوم ہوا ہے کہ بدھ کے روز ایک اور شہری کی لاش برآمد کی گئی اور ابتک اس واقعے میں مرنے والوں کی تعداد تین تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بچاو ٹیم نے بدھ کی صبح شازیہ بانو ولد سجاد شان کی لاش برآمد کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دو خواتین سمیت چار افراد جو بادل پھٹنے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے کی تلاش جاری ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رام بن کے راج گڑھ علاقے میں پیر کی سہ پہر موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی اوپری پہاڑی پر بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آئی اور اس دوران سات افراد لاپتہ ہو ئے جن میں سے تین افراد کی لاشیں باز یاب کی گئی ہیں۔
Comments are closed.